کتاب
:’
انسائیکلو پیڈک ڈکشنری آف اسلام
مصنف
:
دیب الخضراوی
ترجمہ و تحقیق
:
اخلاق احمد قادری
صفحات
:
815 قیمت 2200روپے
ناشر
:
سٹی بک پوائنٹ، کراچی
پیش نظر کتاب شام کے ایک معروف عالم دیب الخضراوی کی کتاب قاموس الألفاظ الإسلامية (Dictionary Of Islamic Terms) (عربی۔ انگریزی) کا اردو ترجمہ ہے۔ دیب الخضراوی نے بہت محنت سے اسے ترتیب دیا ہے، جبکہ اس کا اردو ترجمہ جناب اخلاق احمد قادری نے کیا ہے۔
فاضل مترجم و محقق تاریخِ عالم پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ تاریخی موضوعات پر ان کی متعدد کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ آج کل آپ مختلف موضوعات کی ڈکشنریوں پر کام کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں کچھ عرصے قبل ان کی ایک کتاب ”تاریخِ عالم کی ڈکشنری“ شائع ہوچکی ہے۔ پیش ِنظر کتاب اسی سلسلے کی دوسری کڑی ہے۔
اس کتاب میں علومِ اسلامیہ (قرآن، حدیث، فقہ، وغیرہ) میں مروج اصطلاحات کو آسان زبان میں بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بعض جگہ اردو ترجمے کے ساتھ انگریزی الفاظ بھی درج کیے گئے ہیں۔ کتاب کی ابتدا میں چھٹی صدی عیسوی تا اکیسویں صدی عیسوی (اسلام کے 1434 ہجری برسوں) کے اہم واقعات کا بہ لحاظ ِ سنین یک سطری تذکرہ ہے۔ علاوہ ازیں اسلامی تاریخ کی بعض اہم شخصیات کا مختصر تعارف بھی دیا گیا ہے۔
علومِ اسلامیہ کے طلبہ اور دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اس کا مطالعہ فائدے سے خالی نہیں ہے۔