ضلع بھرکے یوٹیلٹی اسٹورز سے چینی اور گھی غائب ہوچکے ہیں، اور شہری عام مارکیٹ سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ گوجرانوالہ میں 70 سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز ہیں جہاں شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستی اشیا ملتی ہیں۔ ان اسٹورز سے شہریوں کو 68روپے فی کلو گرام چینی ملتی تھی، لیکن چار روز سے چینی نہ ملنے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ عام مارکیٹ میں چینی 100روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے، جبکہ گھی یوٹیلٹی اسٹورز سے 170روپے فی کلو کے حساب سے ملتا ہے لیکن ایک ہفتے سے وہ بھی نہیں مل رہا۔ اس لیے شہری مہنگے برانڈز کا گھی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام مارکیٹ سے چینی اور گھی بہت مہنگے ملتے ہیں، یوٹیلٹی اسٹور پر جاتے ہیں تو وہاں چینی موجود ہی نہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ملازمین کی ملی بھگت سے چینی تاجروں کو فروخت کردی جاتی ہے جو مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ دوسری طرف اسٹور ملازمین کہتے ہیں کہ رمضان ریلیف پیکیج ختم ہونے کے بعد آڈٹ چل رہا ہے اور چینی کا ٹینڈر بھی نہیں ہوا، امید ہے تین سے چار روز میں چینی آجائے گی، گھی اوپن مارکیٹ سے سستا ہے، جیسے ہی آتا ہے ختم ہوجاتا ہے، ایک سے دو روز میں گھی بھی دستیاب ہوگا۔
ضلع کے سرکاری اسکولوں کے 17 ہزار ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ویکسین لگوانے میں دشواری کا سامنا ہے، اسکول سے چھٹی کے بعد ویکسین کے لیے دور دراز علاقوں میں قائم و یکسی نیشن سینٹرز میں رش سے اساتذہ پریشان ہیں، 10 جون تک ٹیچنگ اسٹاف اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کا عمل مشکل ہو گیا ہے، اساتذہ نے اسکولوں میں موبائل یونٹ بھیجنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر سی ای او ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈاکٹر سیف اللہ ڈھلوں نے تمام سرکاری اور نجی اسکول ٹیچرز اور ملازمین کو 10 جون تک کورونا ویکسین لگوانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع بھر میں 14 ہزار کے قریب سرکاری اسکول ٹیچر ہیں، تین ہزار کلریکل اسٹاف، درجہ چہارم، سوئپر، چوکیدار اور دیگر ملازمین ہیں۔ نجی اسکول ٹیچرز کی تعداد اس سے بہت زیادہ ہے۔ صبح سات بجے تمام اسٹاف کو اسکولوں میں پہنچنا ہوتا ہے اور ساڑھے بارہ بجے چھٹی ہوتی ہے، اس دوران سرکاری ملازمین ویکسی نیشن کے لیے اسکول سے نہیں جا سکتے۔ گوجرانوالہ شہر میں قائم ویکسین سینٹرز پر کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے سے رش کم ہوا ہے لیکن نوشہرہ ورکاں، وزیر آباد، واہنڈو، علی پور چٹھہ، قلعہ دیدار سنگھ، ایمن آباد اور دیگر علاقوں میں موجود سرکاری اسکولوں کے اسٹاف کو ویکسین لگوانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ تحصیل سطح پر الگ کائونٹرز بنائے جائیں۔