وزیر مملکت برائے اطلاعات کی فیصل آباد آمد
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی فیصل آباد آمد اب باقاعدہ ایک صحافتی اور عوامی تقریب بن چکی ہے، وہ ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری تھے مگر اب وزیر مملکت ہیں، اس لیے جب بھی وہ فیصل آباد آتے ہیں تو مقامی صحافیوں کی بڑی تعداد کسی خبر کی تلاش میں اُن کے پاس پہنچ جاتی ہے، اس طرح تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھی ایک سرگرمی میسر آئی ہے، ان کی آمد پر شہری انتظامیہ بھی متحرک ہوجاتی ہے۔
کئی ہفتوں سے شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے،پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف مقامات سے 12جہازی سائز کے بل بورڈ اتروادیئے اور اعلان کیا کہ کسی سے رعایت نہیں ہو گی۔ٹیموں نے ڈی گراؤنڈ، چار چک روڈ،چین ون،سوساں روڈ اور کینال روڈ پر ایکشن لیا۔ ڈائریکٹر جنرل عاصمہ اعجاز چیمہ نے بتایاکہ غیر قانونی اور نادہندہ ایڈورٹائزنگ بورڈ کے خلاف ادارے کی طرف سے بھرپور آپریشن جاری رہے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، لہٰذا ایڈورٹائزنگ صنعت سے منسلک کاروباری افراد جلد از جلد اپنی اشتہاری مہم کو ریگولر کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن جاری ہے اور تمام بل بورڈز کو قانونی دائرے میں لایا جائے گا۔
حکومتِ پنجاب کی مزدور کُش پالیسی کے خلاف مزدور رہنمائوں نے ایک بڑے احتجاج کی کال دی ہے۔ جون میں شوگر ملز، رائس ملز، وولن انڈسٹری، بھٹہ انڈسٹری اور پاور لومز سمیت دیگر صنعتوں سے وابستہ ہزاروں مزدور سوشل سیکورٹی کارڈ ہونے کے باوجود علاج معالجہ کی سہولیات نہ ملنے پر احتجاج کریں گے۔ تمام لیبر تنظیموں کے ساتھ متفقہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے 7 جون کو سب سے پہلے جھنگ میں ایوب چوک پر دھرنے اور ڈی سی آفس تک مارچ کرنے، اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔