جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی اپیل پر ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد یکجہتی فلسطین ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیلی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی، اسلام آباد میں بلیو ایریا میں ایک بہت بڑی ریلی ہوئی، جس میں اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر قریبی مقامات کے شہری اور جماعت اسلامی اورا س کی ذیلی تنظیموں کے کارکن شریک ہوئے، جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا، قیم زبیر صفدر اور سیکرٹری نشرو اشاعت سجاد عباسی القدس ریلی کے انتظامات کا مسلسل جائزہ لیتے رہے، زبیر صفدر نے ریلی اور اسٹیج کے بھی انتظامت اپنی نگرانی میں کیے، میڈیا میں کوریج کے لیے سجاد عباسی مسلسل متحرک رہے، جماعت اسلامی اسلام آباد کے رہنما میاں رمضان، کاشف چوہدری، ملک عبد العزیز ریلی کے انتظامات کے لیے متحرک رہے،جماعت اسلامی راولپنڈی سے عارف شیرازی، عثمان آکاش، عزیر حامد، خالدمرزا کی قیادت ایک بہت بڑی ریلی اسلام آباد پہنچی، ریلی کے شرکاء سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں اسلم، جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا، نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی، تاجر رہنماء کاشف چوہدری، فیڈریشن آف رئلیٹرز پاکستان کے صدر سردار طاہر محمود اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ پاکستان کے غیور مسلمانوں کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔بیت المقدس امت مسلمہ کا قبلہ اول ہے۔فلسطینی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم حماس کے مجاہدین نے عالمی دہشت گرد اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کر دیا ہے لبیک القدس ریلی کے شرکا سے سراج الحق نے کلیدی خطاب کیا کہ فلسطین میں امریکا اور یورپ کی سرپرستی میں اسرائیل کھلم کھلا ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔رمضان المبارک میں نماز تراویح کے دوران اسرائیل نے نہتے نمازیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی گیارہ روزہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں دو سو سے زائد نہتے فلسطینی مسلمان جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہیں ہم حماس کی قیادت کو سلام کرتے ہیں کہ جنہوں نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔حماس کے جہادی جذبے نے اسرائیل کو سیز فائر پر مجبور کر دیا ہے فلسطین کے اس مسئلے ہر مسلمان حکمرانوں کا کردار شرمناک رہا ہے ان شا اللہ فلسطین آزاد ہوگا اور دنیا بھر کے مسلمان اپنے قبلہ اول میں نماز ادا کریں گے عالم اسلام اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرے اور متحد ہو کر فلسطین کو صیہونی ظلم و استبداد سے آزاد کرایا جائے۔ غزہ کی تعمیر نو کے لیے بین الاقوامی فنڈ کا قیام وقت کا ایک اہم ترین تقاضا ہے۔ فلسطینی اور کشمیری آزادی کے حصول کے لیے سات دہائیوں سے جو جدوجہد کررہے ہیں، امت مسلمہ یک جان ہو کر اس جدوجہد میں مظلوموں کا ساتھ دے۔ اقوام متحدہ سے فلسطین کی آزادی کے لیے کسی ایکشن کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں بسنے کے مترادف ہے۔ روہنگیا کے قتل عام کا مسئلہ ہو یا کشمیریوں اور فلسطینیوں پر اندوہناک مظالم، یو این او نے ہمیشہ تماشا دیکھا۔ مسجد اقصیٰ کو خون میں نہلایا جا رہا ہے۔ 300سے زائد فلسطینی بچے، بہنیں، مائیں اور نوجوان 12دنوں کے غزہ کے محاصرے میں اپنی جانوں سے گزر گئے، مگر عالمی ضمیر سویا ہوا ہے۔ پاکستان عالم اسلام کا سب سے طاقتور ملک مگر ہمارے حکمران بزدل ہیں۔ افغانیوں کی سی ہمت اور جذبہ جہاد کا مظاہرہ کر کے ہی نام نہاد سپرطاقتوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔ اگر مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان دنوں میں آزاد ہو سکتے ہیں تو عالمی برادری نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کیوں کچلنے کے درپے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد ڈی چوک میں لبیک القدس مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ القدس مارچ میں خواتین، بچوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہاتھوں میں فلسطینی، پاکستانی اور جماعت اسلامی کے پرچم تھامے ہوئے شرکت کی۔