کتوں سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس کا انکشاف

کلینکل انفیکشیس ڈزیز جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کتوں سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ملائشیا کی ریاست ساراواک کے اسپتال سے نمونیا کے 301 مریضوں کے نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 8 نمونوں میں کینائن کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں سے اکثریت پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تھی۔ اس وائرس میں ساخت تبدیل کرنے والی جینیاتی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے جو اس سے قبل سامنے آنے والے کینائن وائرسوں میں سامنے نہیں آئی تھی۔ یہ قسم 2017ء اور 2018ء میں اسپتال میں زیر علاج نمونیا کے مریضوں میں سامنے آئی۔ اس نئی قسم کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ کورونا وبا کی آٹھویں قسم ہوگی۔اس سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کورونا وائرس انسانوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ ابھی تک کورونا وائرس کی7 ایسی اقسام سامنے آ چکی ہیں جو انسانوں کو بیمار کرسکتی ہیں، جن میں چار بخار اور زکام کی وجہ بنتی ہیں جبکہ تین اقسام جان لیوا ہوسکتی ہیں جن میں سارس، مرس اورکووڈ 19 شامل ہیں۔