فیصل آباد : زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ’’خدمات کے کامیاب سفر کی تکمیل‘‘

وائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب

’’زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تعلیم و تحقیق کے لیے جو فضا موجود ہے اس کی وجہ سے سائنس دانوں کو ملکی زراعت و لائیو اسٹاک کے لیے جدتیں پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع دستیاب ہیں‘‘۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے اپنی خدمات کے کامیاب سفر کی تکمیل کے سلسلے میں وی سی سیکرٹریٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں، یہی وجہ ہے کہ زندگی میں محنت کا شعار اپنانے والے لوگ قائدانہ کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی طویل خدمات کے دوران انہوں نے ہمیشہ میرٹ اور جہدِ مسلسل کو اپنا نصب العین بنائے رکھا۔ پرنسپل آفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر آصف تنویر کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ شائستگی اور خدمت کے اصولوں کو اپنائے رکھا، یہی وجہ ہے کہ ان سے اکتسابِ فیض کرنے والے طلبہ ان کی سرپرستی میں حیرتیں تخلیق کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر نے عملی شرافت اور وضع داری کو اپنا شعار بنائے رکھا، یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے اعلیٰ ترین عہدوں پر بھی اُن کا رویہ سب کے ساتھ مشفقانہ ہے۔ رجسٹرار طارق محمودگل نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر نے ہمیشہ یونیورسٹی کے ملازمین کی بہتری کے لیے ہمدردانہ رویہ اپنائے رکھا، یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ نے ان کی دی گئی ہدایات کی روشنی میں مرحوم ملازمین کے بچوں اور دیگر غیر مراعات یافتہ طبقات کے لیے آسانیوں کا اہتمام کیا۔ ٹریژرار عمرسعید قادری نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتے ہیں، خاص طور پر وہ ذاتی سطح پر ریسرچ جرنلز میں اسکالرز کے مضامین کی پروف ریڈنگ جیسا مشکل کام بھی خود کرتے رہے ہیں جس سے ان کی پیشہ ورانہ اپروچ کا اندازہ ہوتا ہے۔ سیکرٹری محمد جمیل نے کہا کہ وائس چانسلر سیکرٹریٹ کو ڈاکٹر آصف تنویر نے ایک ایسے متحرک دفتر کے طور پر پروان چڑھایا ہے جہاں کبھی معاملات زیر التوا نہیں رکھے جاتے، اور لوگوں کے معاملات بروقت میرٹ پر طے کردیئے جاتے ہیں۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے ایک مشق شروع کی ہے کہ وہ صبح سویرے سبزی منڈی کا دورہ کررہے ہیں۔ اس ہفتے غلام محمد آباد کا دورہ کیا اورمختلف شیڈز میں جاکر سبزیوں کی بولیوں کی نگرانی اور اسٹاک کو چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ محمد عثمان اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بولیوں کے موقع پر موجود رہ کر بولیوں کے شفاف عمل اور قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے کہا کہ عام مارکیٹ میں صارفین کو مناسب قیمتوں پر پھلوں وسبزیوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سبزی منڈیوں کا روزانہ دورہ کیا جارہا ہے تاکہ کسی شے کی قیمت میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ ماہِ صیام کے بقیہ دنوں میں بھی بولیوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور معیاری اشیا ہی رمضان بازاروں میں فراہم ہونی چاہئیں، تاکہ صارفین کا رمضان بازاروں پر اعتماد برقرار رہے۔ انہوں نے سبزی منڈی میں کورونا ایس اوپیز پر ذمہ دارانہ عمل درآمد کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے ہینڈ سینیٹائزر کی موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے صفائی کا اعلیٰ معیار ہمہ وقت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔