ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں شام 6 بجے کے بعد تمام کاروبار بند ہوں گے ماسوائے میڈیکل اسٹور، ویکسین سینٹر اور پیٹرول پمپس کے، جنہیں استثنیٰ حاصل ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کورونا ایس اوپیز کے تحت عائد پابندیوں پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنائے گی، اس سلسلے میں دکان داروں کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کورونا سے خود کو محفوظ رکھیں اور اس کے پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔ یہ باتیں انہوں نے مرکزی انجمنِ تاجران کے وفد سے ڈی سی کمیٹی روم میں ملاقات کے دوران کہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، صدر حاجی مہرغلام مجتبیٰ، جنرل سیکرٹری شیخ جاوید حیدر سمیت مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ کے اہم تجارتی مراکز، شاہراہوں، بازاروں اور مارکیٹوں کو چیک کیا جا رہا ہے۔ عوام الناس کو کورونا سے بچانے کے لیے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ قانون اور پابندیوں پر عمل درآمد بھی کروایا جائے گا۔ حکومت نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں، اس ضمن میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر و سیکرٹری اور اراکین نے کہاکہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور اس سلسلے میں انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے سیالکوٹ کے باسیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے نظام کی اپ گریڈیشن اور جدید خطوط پر استوا رکرنے، پارکوں کی بحالی اور اربن ٹرانسپورٹ کے نظام کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 17ارب روپے کی لاگت سے درجنوں منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت ایشین ڈویلپمنٹ کے انجینئرز اور ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ماسٹر پلاننگ کرلی گئی ہے، اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام منصوبے ٹائم لائن کے مطابق مکمل ہوں اور روڈ انفرااسٹرکچر کی تعمیر، مرمت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں آج ڈی سی آفس کمیٹی روم میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی۔ قبل ازیں انہوں نے ٹراما سینٹر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ اسپتال سیالکوٹ کے توسیع کے منصوبے کا جائزہ لیا۔