مریخ پر پہلا ہیلی کاپٹر اُڑانے کے بعد، ناسا نے اس سرخ سیارے کی فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے آکسیجن بنانے کا سب سے پہلا تجربہ بھی کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔
یہ تجربہ مریخی گاڑی ’’پرسیویرینس روور‘‘ پر نصب خصوصی آلے ’’موکسی‘‘ (MOXIE) کے ذریعے انجام دیا گیا۔
’’موکسی‘‘ کا پورا نام ’’مارس آکسیجن اِن سیٹو ریسورس یوٹیلائزیشن ایکسپیریمنٹ‘‘ ہے، یعنی ایک ایسا آلہ جو مریخ پر دستیاب مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے اور وہیں رہتے ہوئے، آکسیجن تیار کرسکے۔ واضح رہے کہ مریخ کی ہوا ہماری زمینی ہوا کے مقابلے میں بہت ہلکی ہے جو تقریباً 95 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہے۔