ریجنل پولیس آفس کے سیکورٹی انچارج کے مطابق آر پی او فیصل آباد رفعت مختار راجا نے کورونا کیسز میں اضافے اور تیسری لہر میں شدت آنے کی وجہ سے آر پی او آفس میں عوام کا داخلہ بند کردیا ہے۔ سیکورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ آر پی او آفس میں کسی بھی قسم کے کام کے لیے شہریوں کو افسران کو پیشگی اطلاع کرنے کے ساتھ ساتھ وقت لینے اور فون پر رابطہ کروانے کے بعد داخل ہونے دیا جا رہا ہے، جبکہ آر پی او آفس کے افسران و عملے کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دفتر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران فیس ماسک اور سینی ٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ صفائی ستھرائی اور سماجی فاصلہ رکھنے سمیت کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔
الائیڈ ہسپتال میں کورونا کے مزید مصدقہ و مشتبہ 15 مریض چل بسے۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کردیں۔ الائیڈ ہسپتال میں کورونا کے مزید 13نئے مریض داخل ہوئے، اس طرح ہسپتال میں داخل ہونے والے کورونا کے مریضوں کی تعداد 204 ہوگئی۔
فیصل آباد میں بڑی سیاسی سرگرمی یہ ہوئی کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار اویس احمد خان لغاری نے ڈپٹی میئر فیصل آباد محمد امین بٹ کو مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کا سٹی نائب صدر مقرر کرکے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ڈپٹی میئر محمد امین بٹ نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ڈپٹی میئر امین بٹ کی بطور سٹی نائب صدر نامزدگی پر مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے عہدیداروں اور کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ وہ لیگی کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔