فیس بک نے وینزویلا کے صدر سمیت ایک ارب سے زائد اکاؤنٹس بند کردیئےسماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے کورونا وائرس سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے پر وینزویلا کے صدر نکولس مادور کے آفیشل صفحے سمیت ایک ارب 3 کروڑ سے زائد اکاؤنٹس اور پیجز بند یا منجمد کردیئے۔ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس اور اس کی ویکسین سے متعلق گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اُٹھائے ہیں جن کے تحت گزشتہ تین ماہ میں ایک ارب 3 کروڑ اکاؤنٹس بند یا منجمد کردیئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز وینزویلا کے صدر نکولس مادور کے آفیشل پیج کو منجمد کردیا گیا جس سے کورونا ویکسین سے متعلق گمراہ کن معلومات شیئر کی گئی تھیں۔ پیج پر کورونا کے علاج کے لیے ایک دیسی اور جادوئی طریقہ بتایا گیا تھا۔ یہ ایک ہومیو پیتھک دوا سے متعلق ویڈیو تھی جسے فوری طور پر ہٹا دیا گیا تھا۔
فیس بک نے اپنے بیان میں اقرار کیا کہ کورونا سے متعلق گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اکاؤنٹس بند اور مواد ہٹانے کا سلسلہ گزشتہ برس کے وسط سے جاری ہے۔ 3 ماہ میں ایک ارب تین کروڑ اکاؤنٹس بند کرنے کے علاوہ ماہرینِ صحت کی نشاندہی پر کورونا ویکسین کے خلاف غلط معلومات پر مبنی ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد مواد کو بھی ہٹایا گیا۔