پنجاب حکومت نے ڈھائی سال بعد صوبے میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج سسٹم کی بہتری، نکاسیِ آب، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لیے 215 اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں جس کے لیے ایک ارب 90کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے 6اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاء الدین، نارووال، حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، لوکل گورنمنٹ کے افسروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ہر ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں کی سطح پر منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرے گی۔
شہر میں ایک بڑی سرگرمی ہوئی، جس کے لیے شہر کی تمام صنعتیں متحرک ہوئی ہیں۔ گوجرانوالہ چیمبر کے صدر عمر اشرف مغل نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی میڈ اِن گوجرانوالہ صنعتی نمائش کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر سے ملاقات کی۔ حماد اظہر نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر کا صنعتی نمائش کا فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان کے دارالحکومت میں گوجرانوالہ کی مصنوعات کی تشہیر ناگزیر ہے، میں نہ صرف خود اس نمائش کاوزٹ کروں گا بلکہ تمام حکومتی نمائندوں کو بھی وزٹ کرایا جائے گا۔
تعلیمی شعبے میں ایک خوش خبری ملی کہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر نصر ت ریاض کو ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر بی پی ایس19 سے بطور پرنسپل میڈیکل آفیسر بی پی ایس20 میں ریگولر ترقی دے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر نصرت ریاض بطور ڈائریکٹر ہیلتھ گوجرانوالہ اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔
محکمہ جنگلات گوجرانوالہ کے زیراہتمام موسم ِبہار کی شجر کاری مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے احاطے میں ایک تقریب ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری ہمایوں امتیاز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلزار حسین، سینئر سول جج دلدار حسین شاہ، صدر ڈسٹرکٹ بار رانا وقاص حسین اوروکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورمختلف اقسام کے پودے لگائے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری ہمایوں امتیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانا عبادت اور صدقہ جاریہ ہے، اس میں ہر فرد کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے کیونکہ پودے لگا کر ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیاجاسکتاہے۔ سینئر سول جج دلدار حسین شاہ نے کہا کہ پھلوں والے پودے لگاکر نہ صرف ہم اپنے ملک کو سرسبز وشاداب بنا سکتے ہیں بلکہ ان درختوں سے پھل بھی حاصل کرسکتے ہیں جو انسانوں کے ساتھ جانوروں کی خوراک کے لیے بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔صدر ڈسٹرکٹ بار رانا وقاص حسین نے بھی پودوں کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔