گزشتہ دو ہفتے گوجرانوالہ کی انتظامیہ کے لیے بہت بھاری ثابت ہوئے۔ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے روز پولنگ کے بعد نگران افسروں کے لاپتا ہوجانے کے واقعے کی تحقیقات کے بعد الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم جاری کیا، اورگوجرانوالہ ریجن کی پولیس اور پوری ضلعی انتظامیہ کو تبدیل کردیا، بلکہ آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کی کارکردگی پر بھی حرف آیا۔ یہ اس لیے ہوا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس خود کو سیاسی اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکیں، اور غیر جانب داری ثابت نہ ہونے پر اس ریجن کے لیے بڑے فیصلے کرنا پڑے۔
یہ شہر ایک عرصے سے عام شہریوں کے لیے عدم تحفظ کی فضا کے ساتھ چل رہا ہے اور جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ابھی حال ہی میں ایک واقعہ ہوا جس میں گوجرانوالہ میں ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن حافظ مشتاق نے انصاف اور میرٹ کی دھجیاں اڑا دیں، اور قرآن پاک پر حلف لینے کے بعد بھی قیصر عرف صادق کا چالان کرکے اسے جیل بھیج دیا۔ حلف لینے کے بعد بھی مثل میں ضمنی لکھتے وقت 436 دفعہ برقرار رکھی۔ ملزم پر آگ لگانے اور چوری کا الزام تھا، مگر قرآن پاک پر مسجد میں بیٹھ کر حلف ہوا کہ نہ اس نے آگ لگائی، نہ کوئی چوری کی ہے۔ 12 افراد کے سامنے ماڈل ٹاؤن کی مسجد میں یہ حلف ہوا۔ حلف لینے کے بعد مدعی پارٹی نے جس شخص پر اعتماد ظاہر کیا اور کہا کہ وہ حلف دے دیں تو ایف آئی آر واپس لے لیں گے، بعد میں اعتماد کردہ شخص نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن حافظ مشتاق کو حلف دیا کہ نہ قیصر عرف صادق نے آگ لگائی نہ اس نے چوری کی اور نہ اس نے ایسا سوچا بھی۔ لیکن پولیس نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن حافظ مشتاق کے حکم پر حلف لے کر بھی چالان کردیا۔ آئی جی پنجاب، آرپی او گوجرانوالہ، سی پی او گوجرانوالہ سے اس واقعے کانوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
پنجاب پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2 غیرملکیوں سے کروڑوں روپے مالیت کے بٹ کوائن لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے سرمایہ کاری کا لالچ دے کر انہیں پاکستان بلایا،اور ان سے ایک کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کے بٹ کوائن زبردستی اپنے نام کروالیے۔ بٹ کوائن کی واپسی کے لیے آئی ٹی ماہرین کی مدد لی جائے گی۔
گوجرانوالہ کی ایک افسوس ناک خبر یہ ہے کہ عالمی ویٹ لفٹر ارشد ملک 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ گوجرانوالہ سے ارشد ملک کے بھتیجے سجاد نے بتایا کہ ارشد ملک گزشتہ چھے سال سے بیماری میں مبتلا تھے۔ارشد ملک ایشین اولمپک میں سونے کا تمغا جیتنے والے واحد پاکستانی تھے۔