فیصل آباد:قبضہ مافیا کے خلاف’’گرینڈ آپریشن‘‘۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فیصل آباد میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایکشن پلان تیار کرلیاگیا ہے، اور اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں کو ترجیحی بنیادوں پر واگزار کرایا جائے گا، جبکہ سرکاری و نجی اراضی پر بھی قبضے ختم کرائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے سی پی او سہیل چودھری کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے لیے ایکشن پلان بنایا جائے گا ڈی جی ایف ڈی اے سہیل خواجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول، ایوب بخاری، پولیس افسران اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے قبضہ گروپ سے زمینوں و جائدادوں کو واگزار کرانے کی حکومتی ترجیحات سے آگاہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ قابضین کی نشاندہی کے لیے تمام تر ذرائع بروئے کار لائیں، اس سلسلے میں شہریوں کی معاونت حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے مگرمچھوں پر مضبوط اور ٹھوس ہاتھ ڈالیں۔ سرکاری و نجی اور تارکین وطن کی جائدادوں پر قبضہ کرنے والوں کو قانون کے سخت ترین کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ قبضوں میں ملوث عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کارروائیوں سے عام آدمی کو یہ اعتماد ہو کہ ان کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی اوکے ساتھ آپریشن کی نگرانی کریں گے اور پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واگزار کرائی جانے والی اراضی کے استعمال سے متعلق جامع پلان تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

……………………

بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہونے والی ہیں، اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں نیبر ہڈ اور پنچایت کونسلز کی حد بندیوں کی اشاعت کے لیے نئے شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (ایل ای بی، پی) نعیم احمد کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈپارٹمنٹ صوبے بھر کے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز اور دیگر سرکاری اداروں کے سربراہان کو کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، نئے بلدیاتی نظام کے تحت صوبے بھر میں قائم کی جانے والی نیبر ہڈ اور ویلیج پنچایت کونسلز کی حد بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کی جائے گی، اور ابتدائی فہرست میں عوامی نمائندوں اور ووٹرز کی طرف سے اٹھائے جانے والے اعتراضات 23 فروری 2021ء تک جمع کیے جائیں گے، جس کے بعد 10مارچ 2021ء تک تمام اعتراضات کو دور کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن میں قائم کی جانے والی کمیٹی 17مارچ 2021ء تک تمام اعتراضات کو دور کرکے 18مارچ کو نیبر ہڈ اور پنچایت کونسلز کی حد بندیوں کی حتمی فہرست شائع کرے گی۔