صحافیوں کے لئے کراچی پریس کلب کو ہیلمٹ دیئے گئے
یو ایس اے میں مقیم پاکستانیوں نے کراچی میں فلاحی سرگرمیوں کے لئے ایک تنظیم کی بنیاد ڈالی ہے جو کراچی اور اندرون سندھ میں رفاہی، فلاحی سرگرمیاں ایجوکیشن، ہیلتھ، پینے کے پانی و دیگر مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس مسئلہ میں سب سے پہلے زندگی کا تحفظ بہت ضروری ہے اور موٹر سائیکل سواروں میں حادثات سے بچنے کے لئے ہیلمٹ کے استعمال کی ترغیب دینے کے لئے خصوصی آگہی مہم کا آغاز کراچی پریس کلب سے کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن سندھ صوبائی اسمبلی بلال اے غفار نے کہاکہ ہم نے اوورسیز پاکستانیوں خصوصاً یو ایس اے میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون سے کراچی ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے نام سے جو تنظیم بنائی ہے اس کے کراچی میں ذمہ دار محمد شفیع صاحب ہیں ہم کراچی میں بسنے والے تمام شہریوں کی بلاامتیاز خدمت اور ان کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے سماجی، فلاحی کام کریں گے جس میں اسکولوں کی حالت بہتر بنانا، پینے کے صاف پانی کے لئے آر او پلانٹ کی تنصیبات، موبائل اسپتالوں کا قیام جیسی سہولیات شامل ہیں۔ آج ہم لوگوں میں زندگی بہت قیمتی ہے اس کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو دوران سفر اپنی حفاظت کا خیال رکھنا جس میں ہیلمٹ بہت ضروری ہے۔ ہم کراچی پریس کلب کے صحافیوں کو بھی ہیلمٹ کا تحفہ دے رہے ہیں اور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہماری کارکردگی پر نظر رکھیں اور ہمارے اچھے کاموں کے ساتھ ہماری اصلاح بھی کرتے رہیں۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری رضوان بھٹی نے ان کے اس کام کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر کورگنگ باڈی کے ارکان وسیع قریشی، عزیز سنگارا بھی موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کرتے ہوئے مونا خان نے کہاکہ ہم اگلے ہفتے پھر یہاں حاضر ہوں گے اور اپنی سماجی فلاحی سرگرمیوں سے آپ کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر چند صحافیوں اے کے محسن، سینئر فوٹو جرنسلٹ محمد احمد، سید شارق حسین، محمد عظیم ودیگر صحافیوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دیا گیا۔ اس سے قبل تنظیم کے چیئرمین ضیا الرحمن کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ جس میں انہوں نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔