ایسے وقت میں جب اعلیٰ معیار کے رابطے کی طلب عالمی سطح پر پہنچ چکی ہے 5 جی ٹیکنالوجی ایک اہم موضوع کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔ اسے ٹیکنالوجی کی صنعت میں انقلاب کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جو عام صارف، کاروباری اور صنعتی حلقوں سمیت روزمرہ زندگی کے ہر پہلو پر محیط ہے اور ہر چیز پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 5G دراصل 5th جنریشن موبائل نیٹ ورک ہے۔ 1G، 3G ،2G ، اور 4G نیٹ ورک کے بعد اسے نئے عالمی معیار کے وائرلیس نیٹ ورک کی حیثیت دی جارہی ہے۔ یہ ایک نئی قسم کے نیٹ ورک کو تخلیق دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو مشینری، گاڑیوں، آلات و دیگر اشیا کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہ نیٹ ورک اعلیٰ ملٹی جی بی پی ایس ڈیٹا اسپیڈ کی انتہائی کم وقت میں زیادہ قابلِ اعتماد انداز میں بڑے پیمانے پر پھیلے نیٹ ورک تک رسائی آسان بناتا ہے، جہاں پہلے سے زیادہ صارفین کو یکساں سہولیات فراہم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کی بہترین کارکردگی سے صارف کو نئے تجربات اور صنعتوں سے متعارف ہونے کا موقع ملتا ہے۔
موبائل نیٹ ورک کی سابقہ اور5جی ٹیکنالوجی میں کیا فرق ہے؟
۔1G، 2G، 3G اور 4G موبائل نیٹ ورک کی سابقہ نسلیں ہیں۔ 1G موبائل نیٹ ورک 1980ء کی دہائی میں متعارف ہوا، جو صرف اینالاگ آواز کی رسائی ممکن بناتا تھا۔
2G موبائل نیٹ ورک 1990ء کے اوائل میں آیا، جس نے ڈیجیٹل وائس کو متعارف کرایا۔ جیسے CDMA یعنی کوڈ ڈویژن ملٹی ایکسس۔
3G موبائل نیٹ ورک 2000ء کے اوائل میں متعارف ہوا جو 3G موبائل ڈیٹا لے کر آیا، جیسےCDMA2000۔
4Gموبائل نیٹ ورک 2010ء میں متعارف ہوا جس سے موبائل براڈ بینڈ کے دور کا آغاز ہوا۔
یہ تمام نیٹ ورک 5G کے نیٹ ورک کی تخلیق کا باعث بنے جو پہلے سے کہیں زیادہ رابطے کی تیزی سے فراہمی کی سہولیات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے ذریعے تیز رفتار، اعلیٰ، قابلِ اعتماد اور بلاتاخیر رابطہ ممکن ہوگا جس سے دور دراز فوری اور محفوظ ترسیل آسان ہوگی اور یہ ہر صنعت کو متاثر کرے گا۔۔
۔5 جی عالمی معیشت کو کب اور کس طرح متاثر کرے گا؟
۔5G عالمی سطح پر نمو لے رہا ہے، جس کے ذریعے 13.2 ٹریلین ڈالر عالمی معاشی پیداوار، 22.3 ملین نئی ملازمتوں اور 2.1 ٹریلین ڈالر جی ڈی پی کی نمو متوقع ہے۔ اس بات کابھی اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس کا مکمل معاشی اثر 2035ء تک پوری دنیا میں محسوس ہوگا جس میں بہت ساری صنعتوں کی مدد ہوگی۔ یہ اثر پچھلے نیٹ ورکس کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ اس نئے نیٹ ورک کی ضرورت اب موبائل نیٹ ورکنگ سے آگے آٹو موٹیو انڈسٹری میں بھی محسوس کی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق 5G ویلیو چین کے ذریعےOEMs، آپریٹرز، کانٹینٹ کری ایٹرز، ایپ ڈویلپرز، اور دیگر صارفین دوسروں کے لیے ملازمت یا روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں گے، جس میں بہت ساری ابھرتی ہوئی نئی ایپلی کیشنز اور دیگر جدید سافٹ ویئرز سمیت آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے وابستہ مصنوعات شامل ہوں گی۔ یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ 5G نیٹ ورک کا معیشت پر مکمل اثر کیا ہوتا ہے۔
۔5 جی کہاں استعمال ہورہا ہے؟
وسیع پیمانے پر بات کی جائے تو 5G تین اہم خدمات میں استعمال کیا جاسکتا ہے، جس میں موبائل براڈ بینڈ میں بہتری یعنیEnhanced Mobile Broad band، اہم مواصلاتی رابطے یعنیMission-Critical Communications، اور بڑے پیمانے پرIOTیعنی انٹرنیٹ آف تھنگس شامل ہے۔ 5G نیٹ ورک کی ایک وضاحت یہ بھی ہے کہ اسے ایسی چیزوں کی ترسیل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اسے مستقبل کی جدید سہولیات کی معاونت کے قابل بنائیں جس سے آج ہم ناآشنا ہیں۔
موبائل براڈ بینڈ میں بہتری
ہمارے اسمارٹ فون کو بہتر بنانے کے علاوہ، 5G موبائل ٹیکنالوجی AR یعنی Augmented reality اورVRیعنی Virtual reality جیسےعَمِیقُ الْعَمِیق تجربات سے ہمیں روشناس کرانے کی قابلیت حاصل کرلے گا۔
اہم مواصلاتی رابطہ
۔5G کی بدولت نئی خدمات حاصل کرنا ممکن ہوگا جس کے ذریعے انتہائی قابلِ اعتماد، کم تاخیر والے روابط جیسے اہم انفرااسٹرکچر، گاڑیوں اور طبی آلات کے ریموٹ کنٹرول سے صنعتوں میں تیزی سے تبدیلی ممکن ہے۔
کے مواقع IOT بڑے پیمانے پر
۔5G کا مقصد بغیر کسی رکاوٹ کے عملی طور پر ہر چیز میں ایمبیڈڈ سینسر کی بڑی تعداد کو کم لاگت میں رابطے کے حل کے لیے آپس میں جوڑنا ہے۔
عام صارف 5 جی کیسے استعمال کرے گا؟
ایک اندازے کے مطابق آج ایک صارف اوسطاً 3.2 جی بی ڈیٹا ماہانہ استعمال کرتا ہے جو 2022ء تک 11جی بی ڈیٹا ماہانہ تک بڑھنے کی امید ہے۔ یہ ویڈیو ٹریفک میں ایک دھماکہ خیز اضافے کا سبب بنتا جارہا ہے۔ نیز ذرائع ابلاغ اور تفریح کے ساتھ ساتھ ہمیشہ کلائوڈ کمپیونٹنگ سے منسلک ہونے سے بھی اس پر خاصا دبائو بڑھ رہا ہے۔ 4G نیٹ ورک نے مکمل طور پر بتادیا کہ ہم معلومات کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں ہم نے موبائل ایپ انڈسٹری میں ویڈیو اسٹریمنگ، سواری کا اشتراک، خوراک کی فراہمی اور اس سے ملتی جلتی سروسز کے بارے میں جانا۔ جبکہ 5G موبائل نیٹ ورک صنعتوں کو نئی وسعت دے گا۔ اس کے ذریعے صارفXRیعنی Extended Reality جیسےانتہائی حقیقی تجربات سے گزرے گا، جبکہ IOT صلاحیت، نئی انٹرپرائز ایپلی کیشنز، مقامی انٹریکٹو مواد اور فوری کلاؤڈ تک رسائی جیسے جدید تجربات میں بھی اس سے مدد ملے گی۔
کاروبار پر5جی نیٹ ورک کے اثرات کیا ہیں؟
اپنے ہائی ڈیٹا اسپیڈ اور سپیریئر نیٹ ورک ریلائبلٹی کی بدولت یہ صارف کے کاروبار میں وسعت پیدا کرے گا، جو اس سے منسلک صارفین کو اس سے تیزی سے جڑنے میں مدد فراہم کرے گا اور اس کی معلومات تیزی سے پھیلانے میں بھی مددگار ہوگا۔ 5Gنیٹ ورک کے کاروبار پر انتہائی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ کچھ کاروبار 5G صلاحیتوں کا مکمل استعمال کرسکتے ہیں، خاص طور پر ایسے صارفین جنہیں تیز رفتار نیٹ ورک کی ضرورت ہے جو ان کی آپریشنل اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں معاون ہو۔
جدید شہروں میں 5جی نیٹ ورک کا استعمال
۔ 5G نیٹ ورک جدید شہروں میں بسنے والے لوگوں کی زندگیوں کو مختلف انداز میں تبدیل کرسکتا ہے۔ بنیادی طور پر لوگوں اور چیزوں کے درمیان بہتر رابطے، اعداد و شمار اور دیگر معلومات کی تیز رفتار اور خودکار انداز میں منتقلی، وی آر، ایکس آر، اور اے آر جیسی جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال… جو اس سے پہلے ممکن نہ تھا، جس سے تفریح سمیت کاروباری سہولیات اور حفاظتی اقدامات کی بہتری ممکن ہوگی۔ بس ضرورت ہے تو جدید علوم سے روشناس ہونے اور اس کے ذریعے اپنی معلومات میں اضافہ کرنے کی، تاکہ اپنے اپنے شعبوں میں اس کی مدد سے جہاں ترقی ممکن ہو، وہیں اس کے منفی اثرات سے بھی بچا جاسکے۔
کیا 5جی اب دستیاب ہے؟
ہاں 5G پہلے ہی یہاں موجود ہے، اور عالمی آپریٹرز نے 2019ء کے اوائل میں نئے 5G نیٹ ورک کا آغاز کیا۔ 2020ء کے اواخر تک بہت سے ممالک نے ملک گیر سطح پر 5G موبائل نیٹ ورک سے منسلک ہونے کا آغاز کیا۔ نیز سبھی بڑے Android فون مینوفیکچررز 5G فونز کی کمرشلائزنگ کررہے ہیں۔ اور جلد ہی اور بھی لوگ 5G تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔