ترک قومی ایئرلائن

سیالکوٹ اور استنبول کے درمیان پروازوں کا فیصلہ

سیالکوٹ اب عالمی شہرت کا حامل شہر بن رہا ہے۔ سیال ایئر کے بعد یہاں کاروباری مارکیٹ وسعت اختیار کررہی ہے۔ ابھی حال ہی میں ترکش ایئرلائن بھی سیالکوٹ کو اپنی منزل قرار دے چکی ہے۔ انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹڈ (سیال) کے چیئرمین میاں نعیم جاوید کے مطابق ترکی کی قومی ائیرلائن ٹرکش ائیرلائنز کا سیالکوٹ اور استنبول کے درمیان پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ جلد موقع ہے۔ اس سلسلے میں ترکش ائیرلائنز کی ٹیم کا دورہ پہلی کڑی ہے، جس کے لیے ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اُن کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انھوں نے ترکش ائیرلائنز کے وفد سے ملاقات کی جس میں میاں نعیم جاوید نے کہا کہ یہ امر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لیے باعثِ خوشی ہے کہ ہمارے انتہائی مخلص دوست اسلامی ملک ترکی کی قومی ائیرلائن نے پاکستان کے پرائیویٹ سیکٹر میں بننے والے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹڈ اور استنبول کے درمیان پروازیں شروع کرنے کی ہماری درخواست کو قبول کرتے ہوئے اپنے جنرل منیجر ترکش ائیر لائنز برائے پنجاب مسٹر حامد ایلڈیل اکلیوگلو کی قیادت میں اپنی ٹیم سیالکوٹ بھیجی ہے، جس نے ائیرپورٹ پر مسافروں اور فضائی کمپنیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لے کر مارچ یا اپریل میں سیالکوٹ اور استنبول کے درمیان پروازیں شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، ترکش ائیرلائنز کی سیالکوٹ اور استنبول کے درمیان فضائی سروس شروع ہونے سے یورپ اور امریکہ جانے والے کاروباری افراد سمیت سیاحوں اور عام مسافروں کو بڑا فائدہ ہوگا، جبکہ کارگو کی ترسیل میں بھی مزید آسانی پیدا ہوجائے گی۔ جنرل منیجر پنجاب ترک آفیسر حامد نے اپنے دورے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سیالکوٹ اور اس سے ملحقہ اضلاع کے فضائی مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کریں۔ دورے کے اختتام پر میاں نعیم جاوید نے جنرل منیجر پنجاب مسٹر حامد سیال کو شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر اسٹیشن منیجر لاہور برخان یلدرم، نمائندہ ریجنل مار کیٹنگ پنجاب کامران عابد حسین، ائیرپورٹ منیجر نثار احمد، بزنس ڈویلپمنٹ منیجر عامر یعقوب اور منیجر تعلقاتِ عامہ عبدالشکور مرزا بھی موجود تھے۔
سیالکوٹ میں زرعی شعبے میں ایک پیش رفت ہوئی ہے، محکمہ زراعت توسیع ضلع سیالکوٹ کے زیراہتمام سبزکوٹ یونین کونسل کنگرہ میں ایک میگا فارمرز ڈے بسلسلہ ’’زیادہ گندم زیادہ خوشحالی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عبدالسمیع طاہر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے حوالے سے زمینداروں کو آگاہی دی کہ اربوں روپے کے زرعی منصوبے پانچ سال کے لیے جاری کیے گئے ہیں، جن میں گندم، تیل دار اجناس، دھان اور کماد کے زرعی آلات پہ سبسڈی، کھاد اور بیج پہ اور زرعی ادویہ پہ سبسڈی شامل ہے۔ اس کے علاوہ نمائشی پلاٹس اور پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد بھی ضلع اور صوبے کی سطح پہ شامل ہے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر مزمل حسین نے رہنمائی دی کہ تحقیق کی اہمیت اور گندم میں متناسب نائٹروجن کھاد کے استعمال سے آدھی تا پون بوری یوریا فی ایکڑ بچت ہوسکتی ہے۔