ہر شخص پریشان ہے کہ مہنگائی مار گئی ہے، شہر میں جرائم بھی بڑھ رہے ہیں، یہاں ضلعی انتظامیہ ناکام نظر آتی ہے۔ مارکیٹ کمیٹیوں کے جاری کردہ پھلوں، سبزیوں اور مسالہ جات کے سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہ ہوسکا، 52 اقسام کی سبزیوں، مسالہ جات اور37 اقسام کے پھلوں کے اوپن مارکیٹ میں نرخ کے برعکس مہنگے داموں فروخت جاری ہے اور سرکاری نرخ نامے غائب کردیئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اوپن مارکیٹ سے غائب رہے۔
اینٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن حافظ آباد عامر حفیظ نے میونسپل کارپوریشن حافظ آباد کے کنورشن اور بلڈنگ فیس کی مد میں نادہندگان سے 3 لاکھ 79 ہزار سے زائد کی ریکوری کرکے رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا دی۔
تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے کرکٹ میچز پر جوا کرانے والے بدنام زمانہ بکی خرم شہزاد کو اُس کے 4ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 6 عدد بک، لیپ ٹاپ، ٹی وی، موبائل اور انٹرنیٹ آلات، 18 ہزار 200 روپے برآمد کر لیے۔ پولیس کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈکیتی و چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں سے موٹر سائیکلیں، نقدی، زیورات اور دیگر سامان چھین لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میاں سانسی روڈ پر عدنان اشرف کی آٹوکی د کان میں دو ڈاکو گھسے اور مالک کو یرغمال بناکر 22000روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ اسی تھانے کے علاقے کیمپ نمبر4 کے رہائشی سبحان علی کی موٹرسائیکل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی۔ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے لدھیوالہ وڑائچ سے دن دہاڑے موٹرسائیکل چوری ہوگئی۔ کئی علاقوں سے چوری کے واقعات میں اضافے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔