فیصل آباد ملک کا اہم صنعتی شہر ہے، مگر یہاں تجاوزات سمیت بہت سے مسائل ہیں جو ختم ہونے میں نہیں آرہے۔ یہاں مسائل کے ساتھ ساتھ یہ اچھی خبر بھی ہے کہ فنانس ڈپارٹمنٹ نے سرکاری محکموں میں فرائض سرانجام دینے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ملازمین کو ایم فل الاؤنس دینے کے لیے فہرستیں طلب کرلی ہیں۔ فنانس ڈپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر ایم آر فور محمد حیات کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلے میں سرکاری محکموں کے سربراہوں کو کہا گیا ہے کہ سب کمیٹی پے اینڈ پنشن کمیشن کی طرف سے ایسے سرکاری ملازمین جنہوں نے ایم فل کی ڈگری حاصل کررکھی ہے اور ان کو ابھی تک ایم فل الاؤنس نہیں مل رہا، وہ فوری طور پر اپنے اپنے محکموں میں ان کے نام، عہدے اور جائے تعیناتی کا تقررنامہ، اور انہوں نے کب ایم فل کی ڈگری لی سمیت دیگر کوائف ارسال کریں، جس پر ایم فل کرنے والے سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کمشنر فیصل آباد / ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد ثاقب منان نے مقامی انتظامی اور حکومتی لیڈرشپ کے ساتھ ایک ملاقات کی جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے میاں فرخ حبیب، ایم این اے راجا ریاض احمد، ایم این اے شیخ خرم شہزاد، صوبائی وزیر و ایم پی اے میاں خیال احمد کاسترو، ایم پی اے شکیل شاہد، نمائندہ ایم پی اے میاں وارث عزیز، نمائندہ ایم پی اے اجمل چیمہ، نمائندہ ایم پی اے لطیف نذر، میٹروپولیٹن آفیسرز میں چیف کارپوریشن آفیسر نعیم وڑائچ، میٹرو پولیٹن آفیسر(فنانس) ظہیرالدین بابر، میٹرو پولیٹن آفیسر آرکی ٹیکچر اسد علی، میٹروپولیٹن آفیسر انفرااسٹرکچر اینڈ سروسز خالد جاوید، میٹرو پولیٹن آفیسر ریگولیشن/ انچارج فیلڈآفسز غلام دستگیر، پی ایس ٹو ایڈمنسٹریٹر محمد الیاس شاکر اور آفس سپرنٹنڈنٹ شاہد رضا بھی شامل تھے۔ ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور تمام کاموں کو جلدازجلد اور بروقت مکمل کیا جائے گا۔ مقامی منتخب پارلیمنٹیرینز نے درپیش مشکلات سے ایڈمنسٹریٹر کو آگاہ کیا جس پر انہیں یقین دلایا گیا کہ مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، جس فیلڈ آفس میں زیادہ یونین کونسل ہیں وہاں جلدازجلد نئے فیلڈ آفس کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔
شہر میں ایک نیا مسئلہ جنم لے چکا ہے کہ یہاں گداگر بڑھ گئے ہیں، پورے شہر میں بھکاریوں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے کارروائیاں بھی عرصہ دراز سے روک دی گئی ہیں جس کی وجہ سے شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں، گلیوں، محلوں، بازاروں اور چوک چوراہوں میں پیشہ ور بھکاری مفلسی اور معذوری کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ بھکاریوں کے بھیس میں جرائم پیشہ عناصر بھی سنگین کارروائیوں میں مصروف ہوچکے ہیں۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، جبکہ اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ بھکاریوں کی پکڑدھکڑ کے لیے جلد کارروائیاں شروع کردی جائیں گی، ضلعی انتظامیہ بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کرے گی۔