فیصل آباد: سیاسی گہما گہمی، کورونا کے وار جاری

شہر میں سیاسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی راناعلی عباس خاں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کی ہیں اور کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے مطالبات پربلیک میلنگ کے لفظ پر بھی یوٹرن لے کراسے اپوزیشن سے منسلک کرکے جھوٹ بولاہے۔مسلم لیگ (ن) نے سانحے پرکوئی سیاست نہیں کی۔ ایک ہفتے تک سڑک پرپڑی لاشوں کے باوجود عمران خان نے لواحقین کے پاس خودچل کرجانے کے بجائے اُنہیں ایک یونیورسٹی میں طلب کرکے جو تعزیت کی ہے اسے تعزیت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہمدردی،افسوس اورفاتحہ خوانی کے لیے لوگ لواحقین کے گھروں میں جاتے ہیں۔ساہیوال واقعے میں بھی وزیراعظم نے لواحقین کواسلام آباد طلب کرکے فاتحہ خوانی کی تھی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ خود کو قوم کے نمائندے نہیں بلکہ قوم کو محکوم سمجھتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی لیڈر مریم نوازشہداکے لواحقین سے اظہارِہمدردی اورافسوس کے لیے اُن کے پاس چل کرگئیں۔ لاشوں پرسیاست اپوزیشن نہیں حکمران خودکرتے آرہے ہیں جنہوں نے لواحقین کے زخموں پرمرہم رکھنے اور ان کی دل جوئی کرنے کے بجائے اُن کے دلوں کوزخمی کیاہے۔مسلم لیگ (ن) اورعوام کی مشکلات ختم ہونے کے دن آرہے ہیں۔میاں نوازشریف سمیت تمام ارکان کے خلاف بنائے گئے مقدمات ختم ہوں گے، عام انتخابات میںپی ٹی آئی میدان سے غائب ہوگی اورمسلم لیگ (ن) دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
شہر میں کورونا کے وار بھی جاری ہیں، مقامی الائیڈ اسپتال ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 32 مشتبہ مریض لائے گئے، 20 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کا علاج معالجہ جاری ہے، جبکہ اس دوران پہلے سے موجود 6 مریض دورانِ علاج جان کی بازی ہار گئے، جن کے ٹیسٹ مثبت اور بعض کی رپورٹیں آنا باقی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران بڑھتی ہوئی اموات پر شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی تلقین کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف شادی ہالز پر چھاپے مار کر کورونا ایس او پیز اور میرج ایکٹ کی باربار خلاف ورزی پر مارکی گٹ والا سمیت 7 شادی ہالز کے منیجرز کو گرفتارکرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروا دیے، اور 4 شادی ہالز اور فوڈ پوائنٹس کو سیل کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے بھی مختلف مقامات پر 18شادی ہالز کا وزٹ کرتے ہوئے ون ڈش اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تین مارکی کے منیجرز کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے مختلف شادی ہالز اور فوڈ پوائنٹس پر چھاپے مار کر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر میرج ہال کو سیل کرکے 3افراد کو حوالۂ پولیس کردیا اور ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروا دیے۔ مارکی متعدد مرتبہ شادی ایکٹ اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر قانونی گرفت میں آچکی ہیں، اس کے باوجود اکثر فنکشن کے دوران کورونا ایس اوپیز کو یکسر نظرانداز کیا جاتا ہے اور سماجی فاصلے کو برقرار نہیں رکھا جاتا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے شادی ہالز اور فوڈ پوائنٹس انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ وہ حکومتی احکامات کی پابندی کریں، شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ون ڈش اور کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں، پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔