نجی ایئر لائن ایئر سیال میدان میںافتتاح وزیراعظم کریں گے

ملک کی ایک نئی نجی ایئرلائن (ایئر سیال) میدان میں آگئی ہے۔ ایئر سیال کا افتتاح اگلے ہفتے متوقع ہے۔ پہلے مرحلے میں 5 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان پروازیں چلائی جائیں گی۔ یہ پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن ہوگی۔ وفاقی کابینہ نے ایئرسیال کے لائسنس کی منظوری دے دی تھی۔ وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔ دورۂ سیالکوٹ کے دوران وزیراعظم خود پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ پاکستان کی فضائی حدود میں نئی ایئرلائن کے اضافے سے شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات میسر آسکیں گی۔ ائیرلائن کا پہلا کمرشل طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچا تھا، جبکہ دو مزید طیارے بھی پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے 9 دسمبر کے سیالکوٹ کے دورے کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے شہر بھر میں صفائی کا عمل تیز کردیا ہے۔ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن کے تمام خاکروبوں کی چھٹی منسوخ کرکے ان کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی، اور تمام مرد و خواتین خاکروب ڈیوٹی پر حاضر رہے اور سڑکوں کے ساتھ نالوں،نالیوں اور تمام محلوں و گلیوں کی صفائی کرتے رہے۔
مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد نے کہا ہے کہ سنا کرتے تھے کہ فلاں ملک میں ٹوٹی سڑک ایک دن میں بن جاتی ہے، لیکن پاکستان میں یہ کارنامہ چند گھنٹوں میں کردیا جاتا ہے، مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ وہاں سے وزیراعظم عمران خان کو گزرنا ہو۔ پلی توپ خانہ سیالکوٹ سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجواناں عثمان ڈار کی فیکٹری وی آئی پی لیدر تک نئی سڑک بن گئی ہے، کیونکہ وزیراعظم کو 9 دسمبر کو سیالکوٹ کے دورے کے دوران عثمان ڈار کی فیکٹری میں بھی لازمی جانا ہے۔ جب کہ پسرور روڈ کی قسمت ابھی تک نہیں جاگی۔ پسرور روڈ کی تعمیر انتہائی اہم ہے اور اس روڈ کی تعمیر کی جانب موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے کوئی توجہ نہ دی، جس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی شامل ہے۔ حکومت فی الفور پسرور روڈ کے لیے فنڈ جاری کرے اور باقاعدہ طور پر ٹینڈر جاری کرکے اس کی تشہیر اخبارات میں کرے۔