گیپکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل گوجرانوالہ آئے، اور حسبِ روایت صرف اپوزیشن کے خلاف ہی بات کرکے دورہ مکمل کیا اور اسلام آباد چلے گئے۔ شریف خاندان اُن کے نشانے پر رہا۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ہمیں دوسروں کی عزت کرنا سکھائی، مریم نواز کو ریلیف دینا ہے تو پھر تمام خواتین کوملنا چاہیے، عمران خان کرپٹ افراد کونہیں چھوڑیں گے، شریف خاندان کے سیاست میں آنے کا مقصد مال پانی بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے رنجیت سنگھ کی زمینوں پر قبضہ کررکھا ہے، نوازشریف خود کو رنجیت سنگھ کا وارث سمجھتے ہیں، جو کچھ بھی ماضی میں کیا گیا اس کا حساب دینا ہوگا، پاکستان میں صرف ایک طبقے کے لیے آسانیاں ہیں، مافیا نے مختلف لوگوں کی کیٹگریز بنا رکھی تھیں، مافیا کا گلی، محلوں میں نیٹ ورک پھیلا ہوا تھا، مافیا اس کو کہتے ہیں جس کے اوپر ایک خاندان ہوتا ہے۔ مافیا کی بی کیٹگری میں رانا مشہود جیسے لوگ اور سی کیٹگری میں پومی بٹ جیسے لوگ ہوتے ہیں۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے تک انہیں نہیں پتا تھا کہ گوجرانوالہ کے پیٹرول پمپ کس کے ہیں، دستگیر پیٹرولیم کی 2 کنال اراضی کا ریکارڈ نہیں ملا، نوازشریف نے خرم دستگیر کو گوجرانوالہ کا بادشاہ بنا رکھا تھا، سابق میئرگوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام بھی مقدمات بھگت رہے ہیں، عوام اور سرکارکی زمینوں پر قبضے کے لیے یہ لوگ سیاست میں آتے ہیں، مستقبل میں ان کے ایک ایک حواری کو سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مفرور نوازشریف کا گوجرانوالہ جلسے میں بیانیہ پاکستان مخالف تھا، یہ کہتے ہیں آپ کو دیکھ لیں گے، ہم کہتے ہیں آپ کو دیکھ رہے ہیں، اربوں کی کرپشن کرنے والے پکڑے گئے تو اب کمر درد ہورہے ہیں۔
شہبازگل کا جواب مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر عثمان ابراہیم نے دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے دورِ اقتدار میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے جس کی وجہ سے آج بھی نوازشریف عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، ان کے کارناموں کی وجہ سے عوام انہیں فراموش نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی کی یوسی 71 میں مسلم لیگی کارکنوں کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے حاجی نواز چوہان، ایم پی اے توفیق بٹ، شاہد آفریدی اوردیگر بھی موجود تھے۔
چیف ایگزیکٹو گیپکوچودھری محمد امین کی ہدایت پر گیپکو کی جانب سے ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ماہ کے پہلے دو عشروں کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کے کامیاب چھاپوں کے نتیجے میں سٹی سرکل سے 66،کینٹ سرکل سے71، گجرات سرکل سے56، سیالکوٹ سرکل سے67، نارووال سرکل سے 45،جبکہ ریجن بھر سے مجموعی طور پر 305 بجلی چور مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوںپکڑے گئے۔ گیپکو کی جانب سے بجلی چوروں کو5 لاکھ48ہزارسے زائدیونٹس کی مد میں84لاکھ33ہزار روپے سے زائد کے ڈی ٹیکشن بِل جاری کردیے گئے ہیں، جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے لیے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو گیپکو چودھری محمد امین نے کہا ہے کہ ریجن بھر سے بجلی چوری کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، لہٰذا فیلڈ اسٹاف بلا خوف و خطر اور بلا تفریق ان قومی مجرموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے۔ ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابی مشترکہ ٹیم ورک کا نتیجہ اور گیپکو مینجمنٹ وکارکناں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں، اپنے اردگرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں، کیونکہ بجلی چوری کے خاتمے سے ہی معزز صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہوئی ہے۔
nn