گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ کی ہدایت پر گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں شانِ رحمت للعالمینؐ مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ڈویژن کے مختلف مقامات پر شانِ رحمت للعالمینؐ ہفتہ کے دوران حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ، اسوۂ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالنے کے لیے سیرت کانفرنسوں، محافلِ میلاد اور درود و سلام کی روح پرور تقاریب منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق شانِ رحمت للعالمینؐ کے خصوصی ہفتہ کے دوران منعقد کی جانے والی متبرک محافل میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے، ان تقریبات کا شایانِ شان انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ اس خصوصی ہفتے کا پروگرام جاری کردیا گیا ہے، اور ہر سطح پر انعقاد پذیر ہونے والے ان پروگراموں میں شہری جوش و خروش کے ساتھ شرکت کریں گے۔
گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ممتاز صنعت کار کی بیٹی کی شادی پر اخراجات کے خوب چرچے ہورہے تھے، جس پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹس لے لیا۔ ایف بی آر نے صنعت کار شیخ محمود اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 نومبر تک جواب طلب کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق شادی کی تقریبات 5 سے 7 نومبر تک لاہور میں ہوئیں اور اس پُرتعیش شادی پر غیر معمولی اخراجات ہوئے، جب کہ تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کو ہونے والی ادائیگیوں کے بارے میں بھی وضاحت مانگ لی۔
گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا طویل عرصے بعد اجلاس ہوا، جس میں جی ڈی اے سٹی بنانے کی منظوری، ہائوسنگ سوسائٹیز کے این او سی کے لیے شرائط میں نرمی، اور بیشتر بوسیدہ اور پرانی شرائط کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن گلزار حسین شاہ، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف، ڈی جی جی ڈی اے مقبول لنگا، ایم ڈی واسا فدا حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ ڈویژن، اے سی ریونیو، ڈائریکٹر آڈٹ اینڈ فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر واسا کے 2 ارب 34 کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ کی منظوری دی گئی، جس میں سے 46کروڑ 80لاکھ روپے ترقیاتی، جبکہ باقی ماندہ غیر ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے۔ اجلاس میں واسا اور جی ڈی اے کے 880 ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت اسکیل ایک سے لے کر 8 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 6 ہزار روپے، اسکیل 9 تا 14 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 8 ہزار روپے، جبکہ اس سے اوپر والے اسکیل کے افسران کی تنخواہوں میں 10 سے 15 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گوجرانوالہ میں شہریوں کو آسان شرائط پر گھر بنانے کے لیے جی ڈی اے سٹی بنانے کی منظوری دی گئی۔ ہائوسنگ سوسائٹیز کے ڈویلپرز کے لیے نئے لینڈ یوز رولز متعارف کروا دیئے گئے۔ ایل ڈی اے طرز پر رولز جی ڈی اے پر بھی نافذ ہوں گے۔ ماڈل ٹائون کی حدود میں شامل تمام پراپرٹیز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈکیاجائے گا اور ماڈل ٹائون کو ری اسٹرکچر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے لینڈ رولز سے ہائوسنگ سوسائٹیز کی بیشتر پرانی شرائط ختم کردی گئیں۔