سیالکوٹ: سیاسی گہما گہمی

میونسپل کارپوریشن کے ٹھیکیداروں کا بلوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

سیالکوٹ میں گزشتہ ہفتے بہت سیاسی گہما گہمی رہی۔ 12 ربیع الاوّل کی تعطیل تھی اور شہر میں دینی تقریبات بھی ہوئیں، جن سے سیاسی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹا، چینی بحرانوں سمیت ہوشربا مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان نے عوامی احتجاج کے بعد ملبہ بیوروکریسی پر ڈالنے کی کوشش کی، جو نامناسب رویہ ہے۔ وزیراعظم اور ان کی کابینہ حکومت میں دو سال سے زیادہ عرصہ گزارنے کے بعد اب یہ واویلا کررہے ہیں کہ مہنگائی و دیگر بحرانوں کے ذمہ دار ہم نہیں بیوروکریٹ ہیں۔ ایک سال قبل پاکستان چینی برآمد کررہا تھا، اگلے ایک سال بعد آج ہم چینی درآمد کررہے ہیں۔ حکومتی شروعات کے ایک سال میں عوام نے مہنگائی کی کڑوی گولیاں کھا لیں، آج عوام مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر حکومت مخالف ریلیوں، جلسوں میں پیش پیش ہیں اور موجودہ حکومت کو لعن طعن کررہے ہیں۔ حکمرانو! عوام کی حالتِ زار پر رحم کرو، تم عوام سے دو وقت کی روٹی تو چھین چکے، عوام کو کیوں مہنگائی و ظلم کی چکی میں مزید پس رہے ہو؟ جن لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف کو تبدیلی کے نام پر ووٹ دیئے تھے وہ اب ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہم نے زندگی میں بہت بڑی غلطی کی جو تحریک انصاف کو ووٹ دئیے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں نے حکمرانوں کو ان کی اوقات دکھا دی ہے، اور ان جلسوں میں عوام کی شرکت سے حکمرانوں کے خلاف بگل بج چکا ہے اور بہت جلد حکمران اپنا بوریا بستر باندھ کر اپنے گھروں کو رفوچکر ہوجائیں گے۔
دوسری جان میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے رجسٹرڈ شدہ ٹھیکیداروں نے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دئیے گئے ٹھیکوں کے مطابق ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، لیکن منصوبے مکمل ہونے پر ان کے بلوں کی ادائیگی نہ ہوسکی۔ اس سلسلے میں ٹھیکیداروں نے چودھری صدیق، احمد یار اور ذوالفقار بھٹو کی قیادت میں چیف آفیسر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اور ترقیاتی منصوبوں کے بلوں کی جلد از جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوئی رقم کسی بھی محکمے کو نہیں دی ہے، جبکہ تمام محکمے جو ترقیاتی منصوبے مکمل کروا رہے ہیں وہ کسی بھی ٹھیکیدار کو ترقیاتی فنڈز نہ ہونے کی بنا پر بلوں کی ادائیگی نہیں کررہے ہیں، جس کے باعث ٹھیکیداروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ ٹھیکیداروں کے وفد کو وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کو مکمل کیے گئے منصوبوں کی رقم کی ادائیگی بہت جلد ہوجائے گی۔ وہ قلعہ سیالکوٹ میں تحصیل کونسل کمیٹی روم میں کلین اینڈ گرین سیالکوٹ منصوبے کے تحت سیالکوٹ میں پینے کے صاف پانی، پارکس، سیوریج سسٹم، اسمارٹ سٹی انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، سڑکیں، بس ٹرمینل، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ و دیگر ترقیاتی کاموں کے جائزے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر عامر ڈار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ میر محمد نواز، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ کریم بخش، سی او میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ علی عباس، چیئرمین پی ایچ اے ذوالفقار بھٹی و دیگربھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے کلین گرین سیالکوٹ منصوبے میں اہم پیش رفت کے حوالے سے کنسلٹنٹ لوکل گورنمنٹ و ایشین ڈویلپمنٹ بینک ثنا ریاض نے ملاقات کی۔ ڈی ڈی ڈویلپمنٹ سیالکوٹ عبدالرئوف، سی او میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ علی عباس، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ کریم بخش بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے چیئرمین پامرا نوید بھنڈر، حافظ حامد رضا، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی سیالکوٹ بیرسٹر جمشید غیاث کے ہمراہ حاجی پورہ میں مارکیٹ کمیٹی آفس کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا۔