گوجرانوالہ میں کسانوں کی تقریب سے محکمہ زراعت کے عہدیداران کا خطاب
کامونکے میں مقامی نجی میرج ہال میں کسانوں کی ایک تقریب ہوئی جس سے ڈائریکٹر زراعت توسیع جاوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شاہد نذیر اعوان، زراعت آفیسر کامونکے علی حسن اور زراعت آفیسر واہنڈو شہزاد اعجاز منہاس اور سابق ناظم گھوماں چودھری عظمت علی سمیت زمینداروں اور کاشت کاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ڈاکٹر انجم علی بٹر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں کسان ذرا سی توجہ سے اپنی فصل دوگنی کرسکتا ہے، جس کے لیے اسے جدید ریسرچ سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسم کا خیال رکھتے ہوئے گندم کی بوائی کیجیے اور کھادوں کا استعمال ضرورت کے مطابق کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع پنجاب جاوید اقبال نے ملٹی میڈیا سے ویڈیو اور تصویروں کی مدد سے کسانوں کو گندم کی فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے طریقوں سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے انڈسٹریل پروموشن کیٹگری میں عالمی معیارکے مطابق کراکری مصنوعات تیار کرنے والے ادارے پارس انڈسٹریز وزیرآبادکوعالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے اور ایکسپورٹ میں اضافے کا باعث بننے کے اعتراف میں اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ ایوارڈ معروف صنعت کار چودھری وقاص اعجاز نے صدر پاکستان سے وصول کیا۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی منانا اور اپنے اپنے انداز میں آپ ؐ سے محبت کا والہانہ اظہار کرنا ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جز ہے، اور بلاشبہ آپؐ کی محبت کے بغیر کسی بھی مسلمان کا دین اور ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ ڈویژنل امن کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں شریک ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر جہاں عالم اسلام بھرپور جوش و جذبے اور مذہبی عقیدت سے اپنے جذبات کا اظہار کررہا ہوتا ہے وہیں پر ملک اور اسلام دشمن قوتیں بھی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے متحرک ہوجاتی ہیں، اور علمائے کرام، مذہبی رہنمائوں اور امن کمیٹیوں کے اراکین کا فرض بنتا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر مثالی امن واتحاد، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان تخریبی اور امن دشمن قوتوں کو ناکام بنادیں۔
ایک اور تقریب ہوئی جس میں چھاتی کے کینسرکی آگہی کے لیے جینم کینسر ہسپتال خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ ڈاکٹر عاصمہ سہیل ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر اور ڈاکٹر ردا صفدر سینئر میڈیکل آفیسر نے لیکچر دیا اور اس سلسلے میں مختلف نوعیت کے ٹیسٹ، میمو گرافی، FNACوغیرہ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔