فیصل آباد میں معاشی امکانات

فیصل آباد ملک کا صنعتی مرکز ہے، تاہم یہ ملک کا اہم سماجی و سیاسی مرکز بھی ہے۔ گزشتہ دنوں فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت حافظ محمد شفیق کاشف کو مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تجارتی، معاشی اور عوامی روابط کے فروغ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔ ایوانِ صنعت و تجارت (ایف۔ سی۔ سی۔آئی) فیصل آباد کے صدر انجینئرحافظ احتشام جاوید نے اپنے دستخطوں سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق حافظ محمد شفیق کاشف کو مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی ومعاشی روابط کے فروغ کی ’ایف۔ سی۔ سی۔ آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا سال 2020-21ء کے لیے چیئرمین مقرر کیاگیا ہے۔ یہ 6 رکنی کمیٹی ہوگی۔ حافظ محمد شفیق کاشف چیمبر کے لیے پہلے بھی مختلف مواقع پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں اپنے اثررسوخ کی بنا پر فیصل آباد چیمبر نے ان کا اس عہدے کے لیے انتخاب کیا ہے۔ وہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے کاروباری روابط بڑھانے، باہمی تجارت اور وفود کے تبادلوں کے لیے کام کریں گے۔ حافظ شفیق کاشف نے فیصل آباد چیمبر اور اس کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عہدے پر اپنی تقرری کو ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ پاکستانی کاروباری برادری خاص طور پر فیصل آباد چیمبر کے ارکان کے لیے مشرق وسطیٰ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات اور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عرب ممالک کی بڑی اور کامیاب کاروباری شخصیات فیصل آباد تشریف لانا چاہتی ہیں اور یہاں کاروبار میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ حافظ شفیق کاشف نے کہاکہ دو طرفہ تجارت کے لیے فیصل آباد چیمبر بہترین پلیٹ فارم ہے۔
صوبائی حکومت کی ہدایت پر امن و امان کی صورتِ حال برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ فورس کی تعیناتی کا مقصد امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنا اور کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا ہے۔ ایس او پیز کے تحت ریلیوں اور جلوسوں پر پابندی ہے۔ ٹرکوں، بسوں اور ویگنوں پر جھنڈے آویزاں کرکے سفر کرنا منع ہے۔ اس حوالے سے ضلع بھر میں ناکوں پر تعینات فورس کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ضلع بھر کے ڈویژنز اور سرکلز کے اعلیٰ پولیس حکام معاملات کی نگرانی کریں گے۔