ششماہی علمی و ادبی مجلہ ’’انوار‘‘۔

جلد11، شمارہ 11۔ ستمبر 2019ء، فروری 2020ء

’’انوار‘‘ نام سے یہ مجلہ طلبہ کی علمی، تحقیقی، تہذیبی تعلیم و تربیت کے لیے شائع ہونا شروع ہوا ہے۔ مدیر تحریر فرماتے ہیں:۔
’’انوار کی ایک کہانی ہے جو معلومات سے علم تک کا سفر ہے۔ یہ کہانی افکار و نظریات، کاوشوں اور ذہنی مشق کا اظہار ہے۔ اس میں کردار بھی ہیں، مناظر بھی۔ اسلوب بھی ہیں اور اقوام کے عروج و زوال کی داستانیں بھی۔ یہ حیاتِ انسانی کے نفسیاتی پہلو بھی سمیٹے ہوئے ہے اور معاشرتی زیروبم کی عکاس بھی۔ اس میں عالمی سازشیں بھی آشکار ہوتی ہیں اور اندرونی و بیرونی اختلافات بھی۔ دراصل ’’انوار‘‘ کی کرنیں سرد بھی اور گرم بھی، اور ایسی بھی جو افکار کو ولولہ عطا کرتی ہیں۔
’’انوار‘‘ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کا علمی و ادبی مجلہ ہے، جس میں طلبہ کی ذہنی و فکری تربیت و تطہیر کے لیے علمی، معلوماتی، سائنسی، ثقافتی، تاریخی اور دینی نگارشات شامل ہیں۔ ’’انوار‘‘ قارئین کے ذوقِ مطالعہ کی تسکین کا سامان فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں کو بھی مدنظر رکھے ہوئے ہے۔ ’’انوار‘‘ میں مایہ ناز اسکالرز اور ادیبوں کی تحریروں کو شامل کیا جاتا ہے۔ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ طلبہ معیاری نگارشات کا مطالعہ کرنے کے ساتھ ساتھ خود بھی ایسا معیار قائم کرنے کی کوشش کریں۔ دورِ حاضر کے تیز ترین اندازِ حیات میں ہمارے بچوں کے ذہن کم از کم ادبی حوالے سے غیر تخلیقی ہوکر رہ گئے ہیں۔ وہ طلبہ جن کی تحریریں ’’انوار‘‘ میں شامل نہیں کی جاسکیں اُن سے گزارش ہے کہ وہ معیاری ادب کا برابر مطالعہ کرتے رہیں اور دل برداشتہ نہ ہوں بلکہ اساتذہ کرام سے رہنمائی لے کر ادبی تخلیق کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں اور مسلسل محنت کرتے رہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد چیئرمین رفاہ یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کی سرپرستی میں ’’انوار‘‘ کی اشاعت بڑی تسکین بخش ہے۔ ڈاکٹر مدثر احمد کی علم دوستی اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ انہوں نے اس مجلے کا اجرا کیا۔ انہیں یہ مکمل ادراک ہے کہ تعلیمی اداروں کے مجلات، طلبہ اور اساتذہ کی ذہنی کاوشوں اور سرگرمیوں کے مظہر ہوتے ہیں۔ تعلیمی اداروں کے مجلات کے مندرجات سے طلبہ کے ذہن و فکر اور شخصیت و کردار کی آبیاری ہوتی ہے اور افراد کی شخصیت اور کردار سازی کے ذریعے ہی اقوام ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوتی ہیں۔
مدیر و مجلسِ ادارت اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ’’انوار‘‘ علمی و ادبی مجلے کے ذریعے نہ صرف طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے بلکہ ان میں کتب بینی اور مطالعے کا ذوق بھی پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے‘‘۔
مجلے میں اردو، انگریزی مضامین شائع کیے گئے ہیں اور جامعہ کی سرگرمیوں کی تصویریں جھلکیاں بھی سلیقے سے پیش کی گئی ہیں۔ ان شا اللہ اس مجلے کا مستقبل روشن ہوگا۔ مجلہ سفید کاغذ پر عمدہ طبع ہوا ہے۔

ششماہی ’’معارف‘‘ کراچی

مجلۂ تحقیق، شمارہ :18۔جولائی۔دسمبر2019ء

پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری کی زیر ادارت معارف مجلۂ تحقیق کامیابی سے مسلسل شائع ہورہا ہے۔ اردو میں 14 مقالات و مضامین اور انگریزی میں2 مقالے شاملِ اشاعت ہیں، جن میں متنوع موضوعات پر اہلِ علم حضرات نے اپنی تحقیقات پیش کی ہیں، ہم ان کی فہرست قارئین کرام کی اطلاع کے لیے درج کرتے ہیں۔
تحقیقی مقالات:۔
-1 قرآن و سنت کی روشنی میں مسلم خواتین کا لباس… زینب صفاعت
-2انسانوں پر جناتی تصرف کی حد… محمد کاشف نصیر، احمد حماد
-3 سید احمد شہید کی اصلاحی جدوجہد… خیر محمد آصف میمن
-4 اشیا کے صرف اور ذرائع پیداوار پر انفرادی ملکیت… محمد اسحاق۔
-5 اسلامی سیاسی فکر و فلسفہ کے خدوخال… سید ذاکر شاہ، ثمر سلطانہ
-6 ایوب صابر کے فن میں اسلامی افکار… نرائن لال
-7 حضرت مولانا شیخ محمد یعقوب شرودی کی تفسیر عبادت… شبیر احمد، بادمحمد
-8 مشترکہ خاندانی کاروبار، مشکلات اور حل… محمد عمر فاروق، محمد اسماعیل عارفی
-9 عہدِ حضرتِ عمرؓ میں اشاعتِ تعلیم کا مطالعہ… خالد رسول، محمد انور خان
-10 فقہی اختلافات کی حدود و قیود… سید باچا آغا، لیمہ محمود
-11 قرآنی آیات میں نظم و مناسبت اور تفیسر کبیر کا تجزیاتی مطالعہ… آصف جاوید، سیف اللہ
-12قائداعظم چیلنج سیکولرازم… رانا محمد رفیع
-13 مغرب کا تصورِ مساوات اور اسلام… نوید اقبال انصاری، محمد کاشف
وفیات: پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری مرحوم… جاوید احمد خورشید
تبصرۂ کتب: جو دیکھا، لکھا… محمد اسحاق منصوری
انگریزی مقالات:۔
*Ghazalian Theory of Seul:
A Psychospiritual Approach.
By Shumaila Mazhar, Alia Ayub,
Sabeen Akbar
* The impact of Secular World View.
On Youth Population of Pakistan.
By Shakir Aziz, Mohammad Yahya.
مجلہ سفید کاغذ پر خوبصورت طبع ہوا ہے۔