سیالکوٹ میں گزشتہ ہفتے اہم کاروباری سرگرمیاں رہیں، اور چند اہم تقریبات بھی ہوئیں، جس میں پاکستان گلوز مینوفیکچرزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ کی تقریب بہت اہم تھی۔ اس تنظیم کے چیئرمین اسد نصیر ملک اورچیف ایگزیکٹو ٹی ٹی آئی ٹیسٹنگ لیبارٹری حمید کے لطیف نے کہا کہ سیالکوٹ کے صنعت کاروں اور ہنرمندوں کے لیے یہ ایک بہت بڑا تحفہ ہے کہ اب سیالکوٹ میں لیدر مصنوعات کی ٹیسٹنگ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ انہیں طبی لحاظ سے محفوظ اور دیرپا بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ لیدر مصنوعات کی کلینرز پروڈکشن بھی کی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف صنعت کاروں حاجی آفتاب برلاس، ملک نصیر احمد، شیخ امجد حسین، سہیل احمد خان، شہزادہ ابن اقبال، ندیم عبداللہ، محمد اصغر سمیت دیگر صنعت کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مقررین نے کہا کہ لیدر مصنوعات کی بہتری کے لیے باقاعدہ ادارہ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے 6500 طالب علم ہنرمند ہوچکے ہیں، جو انڈسٹریل سیکٹر کو مضبوط کریں گے۔ یہ ادارہ مختلف نوعیت کے11کورس بھی کروا رہا ہے جس سے بلاشبہ لیدر کی صنعت کو مزید تقویت اور استحکام حاصل ہوگا۔
دوسری تقریب ایک افسر کی الوداعی تقریب تھی جس میں انتظامیہ کے علاوہ شہری بھی شریک ہوئے۔ سیالکوٹ انتظامیہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال محمد اظہارالحق باجوہ نے کہا کہ سمبڑیال کے عوام، بزنس کمیونٹی اورسیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کی انتظامیہ نے سمبڑیال میں تعیناتی کے دوران جو تعاون کیا ہے اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین محمد افضل شاہین، چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال بابر اقبال، بانی چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ میاں محمد ریاض، ڈپٹی کنوینر ایچ آر کمیٹی میاں عتیق الرحمٰن، اسپیشل مجسٹریٹ عدنان سلیم، منیجر تعلقاتِ عامہ عبدالشکور مرزا بھی موجود تھے۔ بانی چیئرمین میاں محمد ریاض نے کہا کہ سیالکوٹ ائرپورٹ کے قیام سے لے کر اب تک سرکاری محکموں اور ان کے افسران کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال محمد اظہارالحق باجوہ جیسے ایک بااصول اور دلیر افسر کی خدمات کو ہم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال بابر اقبال نے کہا کہ محمد اظہارالحق باجوہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ وائس چیئرمین محمد افضل شاہین نے کہا کہ محمد اظہارالحق باجوہ نے سمبڑیال کے مسائل حل کرنے میں جس دلچسپی کا مظاہرہ کیا وہ کم افسران میں دیکھنے میں آتا ہے۔ یہ جہاں بھی جائیں گے لوگ ان کے حسن اخلاق اور تیزی سے مسائل حل کرنے کی خوبی کی وجہ سے ان کی عزت کریں گے اور انہیں دعائیں دیں گے۔ اس موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں سیال شیلڈ اور دیگر تحائف بھی پیش کیے گئے۔