ڈاکٹر رئوف پاریکھ کی مرتبہ نئی کتاب بہت سے محققین کی مشکلات کو آسان کردے گی۔ جناب شاعر علی شاعر تحریر فرماتے ہیں۔
’’لغت نویسی اور لغات کی تحقیق و تنقید پر ڈاکٹر رئوف پاریکھ کا کام نہ صرف پاکستان و ہندوستان میں اردو کا وقیع سرمایہ قرار پایا ہے بلکہ اردو کی نئی بستیوں کے اہل قلم سے بھی داد وصول کرچکا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ ان کے اس مخصوص کام سے قارئین شعر و سخن، ناقدین فن و ہنر اور مشاہیر اردو ادب فیض پارہے ہیں اور قوی امید ہے کہ آنے والی نسلیں بھی استفادہ کریں گی۔ ڈاکٹر رئوف پاریکھ کا کارِ ادب (لغت نویسی، لغت کے مباحث اور لغت کی تحقیق و تنقید) سے نہ صرف دامنِ اردو ادب مالا مال ہوا ہے بلکہ وہ تاریخ اردو ادب کا حصہ بھی بن رہا ہے۔ اس ضمن میں ان کی مندرجہ ذیل کتب نہ صرف زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آئی ہیں بلکہ اہل نقدونظر سے پسندیدگی کی سند بھی پاچکی ہیں۔
اردو لغت نویسی… تاریخ، مسائل اور مباحث
اوّلین اردو سلینگ لغت
علم لغت، اصولِ لغت اور لغات
لسانی مباحث
لغت نویسی اور لغات… روایت اور تجزیہ
ان کا ہر کارِ ادب مقدار و معیار ہر دو لحاظ سے وقیع قرار پایا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’لغات: تحقیق و تنقید‘‘کے اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے جس کا حوالہ قارئین، ناقدین اور مشاہیر، دنیائے ادب میں تادیر دیتے رہیں گے‘‘۔
ڈاکٹر رئوف پاریکھ مقدمے میں لکھتے ہیں۔
ایک عام خیال یہ ہے کہ تحقیق و تنقید کے موضوع پر شائع ہونے والی کتابیں فروخت نہیں ہوتیں اور باالخصوص لغت نویسی جیسے ’’خشک‘‘ موضوعات پر لکھی ہوئی کتابیں، لیکن یقین کیجیے کہ نہ تو لغت نویسی کوئی خشک کام ہے اور نہ کتابوں کی عدم فروخت کے بارے میں پھیلائی گئی افواہیں درست ہیں۔ الحمدللہ لغات اور لغت نویسی کے موضوع پر اہل علم اور ماہرین کے مقالات پر مبنی راقم السطور کی مرتب کردہ یہ چوتھی جلد ہے، اس موضوع پر راقم کے خود اپنے مقالات پر مبنی دو مجموعے بھی شائع ہوچکے ہیں۔ پہلی جلد کا دوسرا ایڈیشن بھی شائع ہوچکا ہے اور لغت نویسی کیسا مسحور کن کام ہے اور لغت کا نشہ کیا ہوتا ہے یہ کسی لغوی سے پوچھیے۔ کبھی کسی لغت کو ناول کی طرح لفظ بہ لفظ شروع سے آخر تک پڑھ کر دیکھیے مزہ نہ آئے تو پیسے واپس۔
لغت کے موضوع پر راقم کے ان کاموں کا ایک محرک یہ خیال بھی تھا کہ اردو میں لغت کے موضوع پر تحقیقی و تنقیدی کام بہت کم ہوئے ہیں (شکر ہے کہ اب اس موضوع پر کچھ جامعات میں کام شروع ہوگیا ہے) اور جو طلبہ و طالبات ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے لغت نویسی یا لغات پر تحقیقی کام کرنا چاہتے ہیں انہیں اس موضوع پر بہت کم مواد دستیاب ہوتا ہے۔ کچھ اہم اور نادر مواد مختلف منابع و مصادر سے تلاش کرکے پیش کیا اور اپنی کج بیانی اور کم علمی کے باوجود کچھ خود بھی لکھنے کی کوشش کی۔ اہل تحقیق باالخصوص طلبہ و طالبات کی معاونت مقصد تھا۔ بعض اساتذہ کرام سے حوصلہ افزا کلمات اور کچھ طالب علموں کی جانب سے ’’ھل من مزید‘‘ سننے کے بعد کچھ مزید مضامین و مقالات اس جلد میں پیش ہیں‘‘۔
اس کتاب میں جو مقالات شامل کیے گئے وہ درج ذیل ہیں۔
-1اردو ۔ اردو لغت: رہنما اصول ترقی اردو بیورو دہلی
-2انگریزی اردو لغات اور انجمن کی انگریزی اردو لغت۔ مولوی عبدالحق
-3انجمن کی انگریزی اردو لغت کی اشاعت ثانی جمیل الدین عالی
-4انجمن کی انگریزی اردو لغت خلیق انجم
-5 قومی انگریزی اردو لغت ایک جائزہ۔ شاہد حمید
-6 لغات اردو کی ایک سرسری فہرست۔ سید عبداللہ
-7 قادر نامۂ غالب۔ شوکت سبزواری
-8 غالب اور لغت ۔ کمال احمد صدیقی
-9 کچھ بہار اردو لغت کے بارے میں۔ رشید حسن خان
-10 استدراک: اردو اشتقاقی لغت۔ اکبر حسین قریشی
-11 کچھ اور محاورات۔ عبدالرشید
-12 فرہنگیں اور اردو میں ادبی متنوں کی فرہنگیں۔ پروفیسر رئوف پاریکھ
کتاب خوب صورت طبع ہوئی ہے، مجلد ہے اور سادہ و رنگین سرورق سے مزین ہے۔