انسان کو اس بات پر صبر کرنے کے لیے کہا گیا ہے، جو اسے پسند نہ ہو اور جس کا ہوجانا ناگزیر ہو۔ ہر وہ عمل جو برداشت کرنا پڑے، صبر کے ذیل میں آتا ہے۔ ناقابلِ برداشت کوئی واقعہ نہیں ہے، جس کو دیکھنے والے اور پڑھنے والے ناقابلِ برداشت کہتے ہیں۔ سانحہ ہو یا حادثہ، جس کے ساتھ پیش آرہا ہے وہ تو اس میں سے گزر رہا ہے، رو کر یا خاموش رہ کر۔
انسان کو صبر کی تلقین کی گئی ہے، اس لیے یہ زندگی ہماری خواہشات کے مطابق نہیں ہوتی۔ جہاں ہماری پسند کی چیز ہمیں میسر نہ آئے، وہاں صبر کام آتا ہے۔ جہاں ہمیں ناپسند واقعات اور افراد کے ساتھ گزارا کرنا پڑے، وہاں بھی صبر کام آتا ہے۔
صبر کا نام آتے ہی اذیت کا تصور آتا ہے۔ ناپسندیدہ زندگی قبول کرنے کی اذیت، یا پسندیدہ زندگی ترک کرنے کی اذیت۔ یہ اذیت احساس کی لطافت کی نسبت سے بڑھتی اور کم ہوتی رہتی ہے۔
کوئی زندگی ایسی نہیں جو اپنی آرزو اور اپنے حاصل میں مکمل ہو، برابر ہو۔ کبھی آرزو بڑھ جاتی ہے، کبھی حاصل کم رہ جاتا ہے۔ صبر کا خیال ہی اس بات کی دلیل ہے کہ انسان جو چاہتا ہے وہ اسے ملا نہیں۔
انسان محنت کرتا ہے، کوشش کرتا ہے، مجاہدہ کرتا ہے، ریاضت اور عبادت کرتا ہے کہ زندگی اطمینان اور آرام سے گزرے اور مابعد حیات کے بھی خطرات نہ رہیں۔ لیکن زندگی عجب ہے۔ اس میں جب کوئی مقام حاصل ہوتا ہے، پسندیدہ مقام، تب بھی ہمیں احساس ہوتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کچھ نہ کچھ رہ گیا ہے، یا کہیں نہ کہیں کچھ نہ کچھ غیر ضروری اور غیر مناسب شے شامل ہوگئی ہے، اس زندگی میں۔ بس ایسی صورت میں انسان بے بس ہوتا ہے۔ صبر کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔
انسان شادی کرتا ہے۔ شادی کا معنی خوشی ہے، لیکن کچھ ہی عرصے بعد انسان محسوس کرتا ہے کہ شادی کا عمل فرائض اور ذمہ داریوں کی داستان ہے۔ حقوق کا قصہ ہے۔ صرف خوشی کی بات نہیں، اس میں رنج اور رنجشیں بھی شامل ہیں۔ دو انسان، زوجین، مل کر سفر کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کے لیے باعثِ مسرت ہونے کے وعدے اور دعوے لے کر ہم سفر بنتے ہیں، اور کچھ ہی عرصے بعد ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے عمل سے گزرتے ہیں۔ خوش رہنے کا تصور ختم ہوجاتا ہے، صبر کرنا پڑتا ہے۔ اب یہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوسکتا۔ اولاد ہونے کے بعد انسان کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک خوبصورت رسّی سے جکڑا گیا ہے۔ اس کی آزادی اور آزاد خیالی ختم ہوگئی ہے۔ اس پر عجیب و غریب فرائض عائد ہوگئے ہیں۔ وہ محبت کے نام پر مصیبت میں گرفتار ہوگیا۔ لیکن اب صرف صبر ہے۔ یہی تلقین ہے کہ ہوتے جانے والے واقعات پر افسوس نہ کرو، صبر کرو۔
صبر کا مقام اُس وقت آتا ہے، جب انسان کو یہ یقین آجائے کہ اس کی زندگی میں اس کے عمل اور اس کے ارادے کے ساتھ ساتھ کسی اور کا عمل، کسی اور کا ارادہ بھی شامل ہے۔ اپنے حال میں دوسرے کا حال شامل دیکھ کر انسان گھبراتا ہے، اور جب اسے ایک اور حقیقت کا علم ہوتا ہے کہ اس کے ارادوں اور اس کے عمل میں اس کے خالق و مالک کا امر شامل ہے اور کبھی کبھی یہ امر ایک مشکل مقام سے گزرنے کا امر ہے، تو انسان سوچتا ہے کہ اگر بات اپنی ذات تک ہو تو بدل بھی سکتی ہے، لیکن اگر فیصلے امرِ مطلق کے تابع ہیں، تو ٹل نہیں سکتے۔ یہاں سے انسان اپنی بے بسی کی پہچان شروع کرتا ہے۔ بے بسی کے آغاز سے صبر کا آغاز ہوتا ہے۔
خوشی میں غم کا دخل، صحت میں بیماری کا آجانا، بنے ہوئے پروگرام کا معطل ہونا، کسی اور انسان کے کسی عمل سے ہماری پُرسکون زندگی میں پریشانی کا امکان پیدا ہونا، سب صبر کے مقامات ہیں۔
تکلیف ہمارے اعمال سے آئے یا اس کے حکم سے، مقام صبر ہے۔ کیونکہ تکلیف ایک اذیت ناک کیفیت کا نام ہے۔ تکلیف جسم کی ہو بیماری کی شکل میں، یا روح کی تکلیف احساسِ مصیبت یا احساسِ تنہائی یا احساسِ محرومی کی شکل میں، مقامِ صبر ہے۔ انسان جس حالت سے نکلنا چاہے اور نکل نہ سکے، وہاں صبر کرتا ہے۔ جہاں انسان کا علم ساتھ نہ دے، اس کی عقل ساتھ نہ دے اور اس کا عمل اس کی مدد نہ کرسکے، وہاں مجبوری کا احساس اسے صبر کے دامن کاآسرا تلاش کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
صبر کا تصور دراصل صرف مجبوری ہی کا احساس نہیں ہے۔ صبر کے نام کے ساتھ ہی ایک اور ذات کا تصور واضح طور پر سامنے آتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں سب کچھ نہیں کرسکتے۔ ہم اپنی زندگی کے مالک ہو کر بھی مکمل مالک نہیں۔ ہم مختار ہو کر بھی مختار نہیں۔ ہم قدرت رکھنے کے باوجود قادر نہیں۔ ہم اور ہماری زندگی ہزارہا اور زندگیوں کے دائرہ اثر میں ہے۔ ہم اور ہماری زندگی ایک اور ذات کے ارادے کے تابع ہے، اور وہ ذات مطلق ہے۔ اس کا امر غالب ہے۔ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے ہمارے ساتھ، ہماری زندگی کے ساتھ، ہمارے ظاہر کے ساتھ، ہمارے باطن کے ساتھ، ہماری تنہائی کے ساتھ، ہمارے گردوپیش کے ساتھ، ہمارے والدین کے ساتھ، ہماری اولاد کے ساتھ، ہمارے ہر ہر خیال کے ساتھ۔ اور وہ ذات چاہے تو ہمارے مرتبے عذاب بنادے، چاہے تو ہماری غریبی اور غریب الوطنی کو سرفرازیاں عطا کردے۔ وہ ذات یتیموں کو پیغمبر بنادے اور چاہے تو مسکینوں کو مملکت عطا کردے۔ اس ذات کا امر اور عمل اٹل ہے۔ اس کے فیصلے آخری ہیں۔ اس کے حکم کے تابع ہیں انسان کی خوشیاں، انسان کے غم، انسان کی زندگی، انسان کی موت، انسان کی محبت، انسان کے خوف، انسان کے جذبات و احساسات۔ وہی ذات ہے، جو انسان کو بار بار حکم فرماتی ہے کہ صبر کرو۔ یعنی اپنی زندگی میں میرے حکم سے پیدا ہونے والے حال کو سمجھنے سے پہلے تسلیم کرلو۔ جو سمجھ میں نہ آسکے، اس پر صبر کرو، اور جو سمجھ میں آئے، اس پر مزید غور کرو۔ صبر کی منزل ایک مشکل منزل ہے۔ فقر میں ایک بلند مقام ہے صبر کا۔
وہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ عجب بات ہے کہ وہ تکلیف دور نہیں کرتا اور برداشت کرنے والوں کے ساتھ رہتا ہے، اور تکلیف بھیجنے والا بھی خود ہے۔ بس یہی انسانی عظمت کا راز ہے، انسان کی تسلیم و رضا کا روشن باب، انسان کی انسانیت کا ارفع مقام کہ وہ سمجھ لے کہ تکلیف دینے والا ہی راحتِ جاں ہے۔ یہ زندگی اس کی دی ہوئی اسی کے حکم کی منتظر ہے۔ وجود اس کا بنایا ہوا اسی کے امر کے تابع ہے۔ وہ ستم کرے تو ستم ہی کرم ہے۔ وہ تکلیف بھیجے تو یہی راحت ہے۔ وہ ذات ہمارے جسم کو اذیت سے گزارے، تو بھی یہ اس کا احسان ہے۔ (”دل دریا سمندر“۔ واصف علی واصف)۔
میں ہی تو ایک راز تھا سینہ کائنات میں!۔
میری نوائے شوق سے شور حریمِ ذات میں!۔
غلغلہ ہائے الاماں بت کدۂ صفات میں!۔
حور و فرشتہ ہیں اسیر میرے تخیلات میں
میری نگاہ سے خلل تیری تجلیات میں!۔
گرچہ ہے میری جستجو دیر و حرم کی نقشبند
میری فغاں سے رستخیز کعبہ و سومنات میں!۔
گاہِ مری نگاہِ تیز چیر گئی دلِ وجود
گاہِ الجھ کے رہ گئی میرے توہمات میں!۔
تُو نے یہ کیا غضب کیا! مجھ کو بھی فاش کر دیا
میں ہی تو ایک راز تھا سینہ کائنات میں!۔
ذات: باری تعالیٰ کی ہستی، وجود مطلق۔ نقش بند: نقش باندھنے والا، نقشے بنانے والا، نقاش۔ صفات: باری تعالیٰ کی وہ صفتیں جن کی وجہ سے انسانوں میں ذات کا صحیح تصور پیدا ہوتا ہے۔ رست خیز: قیامت۔
(1) میرے عشق کے نغموں سے ذات کی بارگاہِ خاص میں شور پیدا ہوگیا اور ان نغموں کے باعث صفات کے بت خانے سے ’’پناہ بخدا‘‘ کے غلغلے بلند ہونے لگے۔
(2)حور اور فرشتے میرے تخیلات کی زنجیروں میں قید ہیں، یعنی اگرچہ وہ غیر مادی ہیں، لیکن میں جس کی فریاد حریم ذات میں شور پیدا کرسکتی ہے، ان کی حقیقت کو خوب سمجھ چکا ہوں۔ میری نگاہ اتنی بے باک ہے کہ اس نے ذات کی تجلیات میں خلل پیدا کردیا ہے، یعنی وہ اپنی اصل حالت پر قائم نہیں رہیں۔
(3)اگرچہ میں نے تیری تلاش میں بت خانے اور کعبے کے نقشے تیار کرلیے اور جگہ جگہ مختلف قسم کی عبادت گاہیں بنالیں۔ لیکن ان عبادت گاہوں میں تیرا کوئی نشان نہ مل سکا تو میں نے اپنی آہ و فریاد سے کعبے اور بت خانے دونوں میں قیامت برپا کردی۔
(4)کبھی تو میری نگاہ میں اتنی تیزی پیدا ہوگئی کہ اس نے ہستی کا دل چیر ڈالا اور اس میں سے تیر کی مانند گزر گئی۔ کبھی وہ میرے اپنے ہی پیدا کیے ہوئے وہم و گمان میں الجھ کر رہ گئی۔
اس شعر میں انسانوں کی مختلف حالتوں کا نقشہ انتہائی خوبی سے پیش کیا گیا ہے۔
(5)اے میرے محبوب! میں ہی تو اس کائنات کے سینے میں ایک بھید تھا۔ تُو نے یہ کیا غضب کیا کہ مجھے فاش کرکے رکھ دیا۔ اس میں اصل خطاب محبوبِ حقیقی سے ہے۔ اشعار کے عام مطالب واضح کردیئے گئے، لیکن ان سے حقیقی لذت اندوزی ذوقی وجدانی چیز ہے۔ محض تشریح پر موقوف نہیں۔