نام مجلہ: جہات الاسلام ششماہی تحقیقی مجلہ(جلد11 شمارہ1)۔

نام مجلہ: جہات الاسلام
ششماہی تحقیقی مجلہ(جلد11 شمارہ1)۔
مدیرہ اعلی
مدیر: پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت
ڈاکٹر محمد عبداللہ
معاون مدیران: ڈاکٹر شاہدہ پروین،ڈاکٹر حفصہ نسرین
صفحات: اردو 417۔ انگریزی88
قیمت: 300 روپے سالانہ
بیرونِ ملک 30 ڈالر امریکی سالانہ
ناشر: پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت۔ ڈین کلیۂ علوم اسلامیہ، پنجاب یونیورسٹی لاہور پتا برائے خط کتاب: ڈاکٹر محمد عبداللہ مدیر جہات الاسلام، کلیۂ علوم اسلامیہ قائداعظم کیمپس پنجاب یونیورسٹی لاہور
ای میل: jihat-al-islam@yahoo.com
abdullah.rzic@pu.edu.pk
ششماہی ’’جہات الاسلام‘‘ کا یہ تازہ شمارہ حسبِ سابق عمدہ تحقیقی مقالات پر مشتمل ہے اور محنت سے مرتب کیا گیا ہے۔
مدیرۂ جریدہ اداریہ میں لکھتی ہیں:
’’ششماہی مجلہ جہات الاسلام کا مسلسل شمارہ 21 حاضرِ خدمت ہے۔ مجلہ میں حسبِ سابق تینوں زبانوں میں علمی مقالات کا ایک شاندار گلدستہ سجایا ہے، جس میں علومِ اسلامیہ کے متنوع گوشوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
دورِ جدید میں عالمِ اسلام کو متعدد تحدیات درپیش ہیں۔ ان میں سب سے بڑا چیلنج اتحاد ویگانگت کا فقدان ہے۔ استعماری قوتیں عالمِ اسلام کو داخلی وخارجی طور پر کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ ایسے میں فکری و علمی بیداری ہی سے اس کا تدارک ممکن ہے۔ اس ضرورت کا احساس دانش گاہوں اور مراکزِ علم ہی کو کرنا ہوگا، جس کی عملی صورت یہ ہے کہ تحقیق و جستجو پر توجہ دیں، اور علوم و فنون کے ایسے گوشوں کو جاگزیں کریں جو عملی زندگی کا حصہ بن سکیں۔ بالخصوص علوم اسلامیہ میں ایسی تحقیق کو فروغ دیا جائے۔
جہات الاسلام میں انہی خطوط کے پیش نظر مقالات پیش کیے جاتے ہیں تاکہ ایک طرف ہمارے علمی ورثے کی حفاظت ہوسکے، تو دوسری طرف نوجوان نسل کو بہترین راہنمائی میسر آسکے۔
قرآنی نصوص اور علوم القرآن پر چار عدد مضامین شامل ہیں۔ دو اردو اور دو عربی میں۔ ہر مقالہ اپنی جگہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ بالخصوص دورِِ حاضر میں تراجمِ قرآن کو منظوم صورت میں پیش کرنے کی متعدد کاوشیں سامنے آئی ہیں، ان میں سے ایک قرآنِ منظوم از پروفیسر سمیع اللہ اسد بھی ہیں۔ مقالہ نگار نے نہایت شرح و بسط کے ساتھ اس پر روشنی ڈالی۔
حدیث و سنت اور کتبِ حدیث پر چار مقالات شامل ہیں، تین مقالات اردو اور ایک انگریزی زبان میں ہے۔ ایک مقالہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ان تصریحات سے بحث کرتا ہے جو آپؐ نے اپنی زبانِ مبارک سے خود فرمائی ہیں۔ ایک مقالہ مؤطا امام مالک کے منہج استنباط پر مبنی ہے، جبکہ تیسرا مقالہ امام طحاوی کی حدیث جمع و تطبیق سے متعلق ہے۔ جبکہ انگریزی مقالہ معروف مستشرق Watts کی سنت اور اس کی فروعات پر تنقیدات پر مشتمل ہے۔
فقہ اور عصری اجتہادی مسائل پر پانچ مقالات شامل ہیں۔ بالخصوص دورِ جدید میں انسانی دودھ (Milk Bank) سے متعلق شرعی اور قانونی بحث نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ علاوہ ازیں ماکولات و مشروبات میں حلال سرٹیفکیشن کی بحث بھی وقت کا تقاضا ہے، جس پر مقالہ نگار نے سیر حاصل بحث کی ہے۔ اسی طرح سماجی اصلاح میں عرف و عادات کے کردار کو بھی شریعت کے تناظر میں واضح کیا گیا ہے۔
سیرتِ طیبہ پر دو مقالات ہیں، دونوں میں مستشرقین کی تنقیدات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے۔ بالخصوص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی جنگی مہمات پر مقالہ نگار نے سیر حاصل بحث کی ہے۔
سماجی و معاشی حقوق اور تربیت کے حوالے سے چار مقالات شامل ہیں۔ چاروں ہی اپنی اہمیت کے لحاظ سے غیر معمولی نوعیت کے حامل ہیں۔ ایک مقالہ میں قیدی بچوں کے حقوق اور ان کی سزا پر اسلام اور مغرب کے نقطہ نظر سے بحث کی گئی ہے، جبکہ دوسرے مقالہ میں روزمرہ کے سماجی رویوں کو زیر بحث لایا گیا ہے، تیسرا مقالہ پاکستان میں خواتین کے معاشی استحکام پر بحث کرتا ہے جس میں سروے کے ذریعے نتائج پیش کیے گئے ہیں، چوتھا مقالہ انگریزی زبان میں ہے جس میں انسانی شخصیت میں تربیت کے منہج پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔
مذہبی شخصیات کا احترام ایک مسلمہ امر ہے۔ بالخصوص اب یہ بحث عالمی سطح پر بھی جاری و ساری ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب و احترام تو مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، تاہم مقالہ نگار نے قانونِ توہین رسالت پر غیر مسلم ممالک میں قوانین پر روشنی ڈالی ہے۔
مذکورہ بالا تمام مقالات کو جانچ پڑتال کے کڑے معیار سے گزارا گیا ہے اور وہی مقالات شاملِ اشاعت ہیں جن پر کم از کم دو ماہرین نے مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔ نیز جن مضامین میں ترامیم تجویز ہوئیں اس کا بھی التزام کیا گیا ہے۔
سیرت نمبر کی اشاعت:
جہات الاسلام کی مجلسِ ادارت کے فیصلے کے مطابق آئندہ مسلسل شمارہ 22 سیرت النبیؐ کے لیے خاص ہوگا۔ اس سلسلے میں شمائل و خصائلِ نبویؐ کے عنوان سے عنقریب سیرت النبیؐ سے دلچسپی رکھنے والے اہلِ علم کی خدمت میں ایک عریضہ ارسال کیا جائے گا جس میں انہیں کسی ایک عنوان پر لکھنے کی دعوت دی جائے گی۔ موصولہ مقالات کو ایچ۔ای۔سی کے طریقہ کار کے مطابق جانچا جائے گا اور وہی مقالات شائع کیے جائیں گے جو ہر لحاظ سے معیاری ہوں گے۔ امید ہے کہ سیرت نمبر (شمائل و خصائلِ نبویؐ) اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور علمی دستاویز کا حامل ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں پیغمبر کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت عطا فرمائے۔
قارئین کرام مجلہ کے معیار و پیش کش سے متعلق اپنی آراء سے ضرور آگاہ کریں تاکہ ان کی روشنی میں بہتری کا سفر جاری رکھا جاسکے۔‘‘
مدیرۂ اعلیٰ نے مجلے کے محتویات کا مختصر تعارف کرایا ہیُ ان کی تفصیل درج ذیل ہیں:
اردو مقالات:
’’مقدمہ تفسیر کتاب التسھیل لعلوم التنزیل کا منہج و اسلوب‘‘ اسماء شاہد/فاروق حیدر، ’’قرآن منظوم۔ قرآن مجید کے شعری ترجمے کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ‘‘ محمد سعید شیخ، ’’الفاظ کے حقیقی معنی متعین کرنے والی نبویؐ اصطلاحات‘‘ حافظ حسن مدنی، ’’امام مالکؒ کا الموطا میں منہج استنباط واستدلال‘‘ حافظ مسعود قاسم/محمد طاہر ضیاء، ’’امام طحاوی کا طریقہ تطبیق فی الحدیث‘‘ محمد وارث علی/سعید احمد، ’’فقہی اختلاف کی حقیقت‘‘ ثمینہ ناصر/مستفیض احمد علوی، ’’سماجی اصلاح میں عرف و عادات کے کردار کا جائزہ‘‘ جنیداکبر/ محمد کامران، ’’انسانی دودھ کا ذخیرہ (Milk Bank) (شریعت اور قانون کی نظر میں)‘‘ محمد عمیر/محمد خبیب، ’’حلال سرٹیفکیشن کی شرعی ضرورت و اہمیت‘‘ سید عارف علی شاہ/ محمد اسماعیل عارفی، ’’پیغمبر اسلام کی جنگی مہمات پر مستشرقین کی تنقیدات‘‘ محمد زمان چیمہ/محمد سلمان، ’’غیر مسلم ممالک میں قانونِ توہینِ مذہب و رسالت‘‘ حافظ فاروق عبداللہ/محمد عبداللہ، ’’قیدی بچوں کے حقوق و سزا کا اسلامی اور مغربی تصور‘‘ فریدہ یوسف/عبدالقدوس صہیب، ’’عصر حاضر میں ہمارے سماجی رویّے‘‘ افتخار عالم/ عبدالرئوف ظفر، ’’پاکستان میں خواتین کا معاشی استحکام اور جدید عصری تقاضے‘‘ عشرت جمیل/ شیر علی
عربی مقالات:
’’منہج الشیخ القنوجی فی ترجیح فی تفسیرہ فتح البیان‘‘ حافظ احمد حماد، ’’الانحراف المنہج عندالمستشرقین فی کتابہ السیرۃ النبویۃ‘‘ عبدالصمد،’’ حق الولی فی اخذ بدل العلاج والتعطل عن العمل‘‘ فضل ربی ممتاز/عزیزالرحمن
تبصرہ کتاب:
نقوش عظمتِ رفتہ (محمد اسحاق بھٹی) سفیر اختر
انگریزی:
An Islamic Philosophy of Personality Development the Intrinsic value for Society
Mohsina Munir/Shahzadi Pakeeza
Watt’s General Remarks About the Sunnites and Their Creeds
Muhammad Afzal Kanju
Tracing The concept of Negotiation in Law, Pakistani Legal System and Shariah (Islamic Law)
Qazi Attaullah/Lutfullah Saqib
مجلہ سفید کاغذ پر خوبصورت طبع کیا گیا ہے۔ امید ہے جہات الاسلام کا سیرت نمبر جلد ہی قارئین کی دسترس میں ہوگا۔