کتاب : حرف حرف روشنی
تالیف و ترتیب : احمد علی محمودیؔ
اشاعت : سوئم
ضخامت : 52 صفحات،قیمت:بلامعاوضہ
ناشر : ندائے امت پبلی کیشنز
ملنے کا پتا : دارالسلام، عزیز آباد کالونی۔ وہاڑی روڈ، حاصل پور، ضلع، بہاولپور
فون : 03058280905
03336347572
برقی پتا : wad_rsp@yahoo.com
’’حرف حرف روشنی‘‘ بہت سی کام کی باتوں کا مجموعہ ہے جسے ’’ندائے امت‘‘ کے مدیر محترم احمد علی محمودی نے خاصی محنت اور کاوش سے دعوت و تبلیغ کے مقاصد پیشِ نظر رکھ کر مرتب کیا ہے، اور یہ مرتب کے دل و دماغ کو مسحور کیے ہوئے جذباتِ خیر کی عکاسی کرتا ہے۔ قرآن حکیم کی اس دعا ’’اے ہمارے رب! ہمیں اپنی بیویوں اور اپنی اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما، اور ہمیں پرہیزگاروں کا امام بنا‘‘ کے ساتھ اپنی اس کاوش کا انتساب محمودی صاحب نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام کیا ہے۔ ساتھ ہی ابتدائیہ میں یہ وضاحت بھی کردی ہے کہ ’’حکمت کے کچھ موتی آپ کی نذر کررہا ہوں، یہ تمام عمر کے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، یہ اپنے حصے کا چراغ ہے، جو روشن کیا گیا ہے، اس چراغ سے کسی ایک فرد کی بھی زندگی روشن ہوگئی تو یہ میرے لیے توشۂ آخرت ہوگا۔‘‘
’’حرف حرف روشنی‘‘ کی تیسری اشاعت اس وقت پیش نظر ہے، پہلی بار یہ کتابچہ جون 2017ء میں شائع ہوا، دسمبر 2018ء میں دوسری اشاعت سامنے آئی، اور اب فروری 2019ء میں اسے تیسری بار شائع کیا گیا ہے جس کی تعداد ساڑھے چار ہزار درج ہے جو ذوقِ مطالعہ کے موجودہ زوال پذیر حالات میں بہت حوصلہ افزا ہے۔ تازہ اشاعت میں بعض اہم اور اہلِ علم حضرات کی کتابچہ کے بارے میں آراء بھی شامل کی گئی ہیں جس سے اس کی پذیرائی کا بخوبی احساس ہوتا ہے۔ مرتب نے یہ کتابچہ بڑی تعداد میں دینی مدارس، اسکولوں، کالجوں، جامعات، لائبریریوں، جیلوں اور ملک کے طول و عرض میں خواتین و حضرات تک پہنچانے کا اہتمام بھی کیا ہے جس سے ’’حرف حرف روشنی‘‘ کی روشنی کی کرنوں سے استفادہ کرنے والوں کا حلقہ وسیع تر ہوگیا ہے۔
احمد علی محمودی صاحب کے مرتب کردہ مجموعۂ خیر میں اسلام کے دورِ اوّل سے دورِ حاضر تک کے علماء و صلحاء کے زرّیں اقوال اور دل میں اتر جانے والے جملے جمع کردیئے گئے ہیں، تاہم اس کے مطالعے کے دوران جو بات بری طرح کھٹکتی ہے وہ یہ ہے کہ جمع شدہ مختصر مختصر تحریروں میں کوئی ترتیب موجود نہیں، بس مرتب کو جو اچھی تحریر، اچھا جملہ، قولِ زرّیں، سنہری بات جہاں سے ملی، اسے غنیمت جانتے ہوئے کتاب میں شامل کردیا گیا ہے۔ یہ واقعی غنیمت اور قابلِ قدر تحریریں ہیں، لیکن اگر تھوڑی سی مزید محنت کے بعد انہیں موضوعات یا شخصیات کے حوالے سے ترتیب دے دیا جاتا تو اس کی افادیت کو چار چاند لگ جاتے، پڑھنے والوں کو استفادہ میں سہولت ہوتی اور کتابچہ کی قدر و قیمت میں بھی خاصا اضافہ ہوجاتا۔ ہیرے، موتی، گھونگے اور سیپ سمندر کی تہہ میں پڑے ہوتے ہیں لیکن ان کی قدر و قیمت میں اُس وقت کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے جب جوہری انہیں تراش خراش کے بعد ترتیب سے آراستہ و پیراستہ کرتا ہے۔ ’’حرف حرف روشنی‘‘ کے بکھرے موتیوں کو بھی اگر خوبصورت ترتیب سے مزین کردیا جائے تو ان کی قیمت بھی دوچند ہوجائے گی۔ اسی طرح کتابچہ میں شامل بہت سی نصیحت آموز تحریروں اور دل میں گھر کر جانے والے جملوں کے حوالے درج نہیں۔ بات کے مفہوم کی اہمیت سے انکار یقینا ممکن نہیں، لیکن اس پہلو کی اہمیت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ کہنے والا کون ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ کتابچہ کی آئندہ اشاعت میں موضوعات یا شخصیات کو پیش نظر رکھ کر ازسرنو ترتیب دے کر ان کے حوالہ جات کے اندراج کا بھی اہتمام کردیا جائے گا تاکہ اس کی مربوط اور متوازن شکل سامنے آسکے۔
مرتب نے ایک نیک جذبے کے تحت بامعنی خوبصورت، رنگین سرورق کے ساتھ کتابچہ کو بڑی تعداد میں شائع کرکے بلامعاوضہ تقسیم کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ اس اچھے کام میں تعاون کے خواہاں خواتین و حضرات ان سے رابطہ کرکے یہ کتابچہ حاصل کرسکتے ہیں۔ تاہم اہلِ خیر کے لیے یہ موقع موجود ہے کہ وہ ’’حرف حرف روشنی‘‘ کی روشنی کو بڑے پیمانے پر پھیلانے کے لیے مالی یا دیگر ممکنہ صورتوں میں تعاون کر سکتے ہیں۔