نائیجیریا کے معروف تحقیقی ادارے ایڈو اسٹیٹ پولی ٹیکنیک یوسین نے معروف پاکستانی سائنس دان اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری کے نام پر ایک نیا تحقیقی ادارہ قائم کیا ہے۔ نائیجیریا کے اس تحقیقی ادارے کا یہ قدم پروفیسر اقبال چودھری کی نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ ڈاکٹرمحمد اقبال چودھری کیمیا سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں، جبکہ ان کے سائنسی کام کو 23 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ ان کے زیر نگرانی 83 طالب علم پی ایچ ڈی اور 30 ایم فل مکمل کرچکے ہیں۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چودھری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغائِ امتیاز، ستارہِ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چودھری کو ان کی اس کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی مرکز اور جامعہ کراچی کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔
خراب جسمانی گھڑی سے کینسر کا امکان
جاپان اور امریکہ کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ اگر کسی شخص کے جسم میں موجود قدرتی جسمانی گھڑی درست طور پر کام کرنے کے قابل نہ رہے تو وہ موٹاپے سے لے کر کینسر تک، مختلف اقسام کی بیماریوں میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کم و بیش تمام جان داروں میں قدرتی طور پر ایک نظام موجود ہوتا ہے جو انہیں صبح کے وقت تازہ دم اور بیدار کرتا ہے جبکہ رات کے وقت نیند کا باعث بن کر انہیں آرام کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ عام طور پر اسے ’’جسمانی گھڑی‘‘ (باڈی کلاک) کہا جاتا ہے، جبکہ سائنسی طور پر اس کا نام ’’سرکاڈیئن ردم‘‘ (circadian rhythm) ہے۔ حالیہ برسوں میں یہ بھی دریافت ہوچکا ہے کہ سرکاڈیئن ردم ہمارے جسم میں خودکار طور پر انجام پانے والے تمام کاموں پر کسی نہ کسی صورت اثرانداز ہوتا ہے۔ اگر جسمانی گھڑی ٹھیک کام کررہی ہو تو یہ خودکار نظام بھی درست طور پر کام کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم صحت مند رہتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر یہ گھڑی خراب ہوجائے تو ہمارے لیے سونے جاگنے کے خراب معمولات سمیت صحت کے متعدد مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔
یوٹیوب نے صرف 90 دن میں 58 کروڑ ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں
یوٹیوب نے 90 روز کے اندر پالیسی کی خلاف ورزی پر مبنی 58 ملین ویڈیوز اور 224 ملین کمنٹس کو ڈیلیٹ کردیا۔ یوٹیوب کے اپنے پلیٹ فارم پر انتہا پسندی پر مبنی مواد اور بچوں کی سلامتی اور چائلڈ پورنو گرافی کی ازخود نشاندہی کرنے والے نظام نے رواں سال کے ماہ ستمبر میں شدت پسندی والی 10 ہزار 400 ویڈیوز اور قریباً 3 لاکھ بچوں کی سلامتی کو متاثر اور انہیں سیکیورٹی مسائل سے دوچار کرنے والی ویڈیوز کو ہٹایا ہے۔ تیسری سہ ماہی کے دوران یوٹیوب نے 1.67 ملین چینلز اور ان پر موجود 50.2 ملین ویڈیوز کو پالیسیوں کی خلاف ورزی پر ڈیلیٹ کیا ہے، جس میں 80 فیصد ویڈیوز ’اسپیم‘ اور 13 فیصد عریانی اور ساڑھے 4 فیصد چائلڈ سیفٹی سے متعلق تھیں۔
دیر تک ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہنے سے عمر میں کمی کے خدشات
آسٹریلوی طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ دیر تک ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہنے سے عمر میں کمی کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں، آسٹریلوی ماہرین نے دو لاکھ افراد جن کی عمریں 45 سال تک تھیں ان کو اس تحقیق کا حصہ بنایا، تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جو افراد 11 گھنٹے لگاتار ایک جگہ بیٹھے تھے ان کی شرح اموات 40 فیصد تک دیکھی گئی ۔طبی ماہرین نے کہا مسلسل ایک جگہ پر بیٹھنے کے بجائے وقفے وقفے سے ٹیلی ویڑن دیکھنا چاہیے ۔