دی آرٹ آف دی قرآن

واشنگٹن امریکہ کے فریئر اینڈ سیکلر عجائب گھر میں منعقد آرٹ کی ایک نمائش میں قرآن مجید کے قدیم نسخوں اور خطاطی کے نمونوں کو پیش کیا گیا۔ مسلم و غیر مسلم دلدادگانِ فنونِ لطیفہ کی جانب سے ان کی زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ فروری 2017ء تک جاری رہنے والی اس نمائش میں اس حصے کو ’’دی آرٹ آف دی قرآن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں پیش کیے جانے والے نمونے عراق، افغانستان اور ترکی کے میوزیم آف ٹرکش اینڈ اسلامک آرٹس سے مستعار ہیں، اور کچھ اس عجائب گھر کی اپنی ملکیت ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ اٹھارہویں اور انیسویں صدی میں عثمانی سلاطین اور وزرا کی جانب سے مختلف زمانوں میں مختلف حکمرانوں کو تحفتہً پیش کیے گئے تھے۔ نمائش میں پیش کیے گئے خطاطی کے نمونوں سے خطاطی کے ارتقائی مراحل سے بھی واقفیت ہوتی ہے کہ کس دور میں خطاطی کی کس قسم کو زیادہ فروغ ملا۔ منتظمین نے اس نمائش کا مقصد خطاطی کو خراج تحسین پیش کرنا اور اسے دنیا کے سامنے متعارف کرانا بتایا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے مابین ربط و تعلق اور ایک دوسرے سے واقفیت اور قربت کی فضا استوار ہونے میں بھی مدد ملے گی۔
[تسنیم نیوز ایجنسی، امریکہ 25 اکتوبر 2016ء]