پھیلتے شہر قیمتی زرعی زمین نگلنے لگے

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں قیمتی زرعی اراضی پر بے ہنگم شہر پھیلنے سے زرخیز زرعی زمینیں تیزی سے ختم ہورہی ہیں۔ ایک نئے مطالعے سے ظاہر ہوا ہے کہ 2030ء تک ایشیا اور افریقا میں پھیلتے شہرکم ازکم 3 کروڑ ہیکٹر زرعی زمینوں کو نگل جائیں گے جو فلپائن کے برابر رقبہ ہے۔ اس تحقیق کی بنیاد سال 2000ء سے اب تک کے سیٹلائٹ نقشوں کا مطالعہ ہے اور انہی کی بنیاد پر اگلے 13 برس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ عمل ایشیا اور افریقا میں سب سے زیادہ واقع ہورہا ہے اور چین، ویت نام اور پاکستان بھی ان ممالک میں سرِفہرست ہیں۔ حیرت انگیز طور پر پاکستان اس عرصے میں 18 لاکھ ہیکٹر زرعی زمین سے محروم ہوجائے گا جو اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
اس رپورٹ کی تیاری میں آسٹریا، جرمنی، سویڈن، نیوزی لینڈ اور امریکی ماہرین نے حصہ لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2000ء میں دنیا جتنا اناج پیدا کررہی تھی، 2030ء میں زراعت تباہ ہونے سے اس کی 3 سے 4 فیصد مقدار کم ہوجائے گی۔ رپورٹ کے مطابق چین، بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک میں چاول، گندم، مکئی اور سویابین کی فصلیں زیادہ متاثر ہوں گی۔ ان میں چین اور دیگر ایشیائی ممالک کی مشترکہ طور پر 25 فیصد زرعی زمین غائب ہوجائے گی۔ پاکستان میں چھوٹے کسان زیادہ متاثر ہوں گے اور جنگلات بھی تباہ ہوجائیں گے۔ اس مطالعے میں شریک جرمن ماہر کا کہنا ہے کہ قیمتی زرعی اراضی شہر پھیلنے سے ختم ہوگی تو مزید نئی جگہوں کی ضرورت ہوگی جس کا بوجھ کسی ملک میں موجود جنگلات پر ہوگا اور وہاں کا حیاتیاتی نظام تباہ ہونے لگے گا، لیکن یہ سلسلہ یہیں نہیں رکے گا بلکہ جنگلات غائب ہونے سے مقامی آب وہوا پر برے اثرات مرتب ہوں گے جس کا نتیجہ عالمی پیمانے پر غذا کی فراہمی پر پڑے گا۔ دیگر ماہرین نے زور دیا ہے کہ فصلوں کو ضائع ہونے، کھانے کو پھینکنے اور غذائی رجحانات بدلنے سے بھی اس اثر کو کم کیا جاسکتا ہے۔ دیگر ماہرین فی ایکڑ پیداوار بڑھانے پر زور دے رہے ہیں تاکہ غذا کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔