23-naved
3 دسمبر کو ہر سال معذوروں کا عالمی دن منایاجاتا ہے‘ جس کا آغاز اقوام متحدہ نے 1992 ء میں کیا تھا۔ گلستان جوہر کراچی میں ادارہ برائے معذورین (اے پی ایچ اے سینٹر) ایک ایسا ادارہ ہے جو کہ معذور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے گزشتہ 40 سال سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔
معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر اے پی ایچ اے کی طرف سے بحریہ آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں ادارے کے ارکان‘ عام افراد‘ میڈیا کے نمائندے اور شہرکی ممتاز سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ نمایاں کارکردگی والے معذور افرا دکو اے پی ایچ اے کی طرف سے ایوارڈز بھی دیے گئے۔ اے پی ایچ اے کے سرپرست اعلیٰ جناب سلیم عباس جیلانی اور اے پی ایچ اے کی عمارت کا نقشہ تیار کرنے والے کے ڈی اے کے سابق ڈائریکٹرجناب ضیغم جعفری کو بھی لائف ٹائم کارکردگی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس پروگرام مین مقررین نے اس بات پر زوردیا کہ حکومت کی طرف سے معذوروں کے لیے جو ملازمت کا کوٹہ متعین کیا گیا ہے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ معذور لوگ ملازمت حاصل کرکے معاشرے میں کسی سہارے کے بغیر پروقار زندگی گزار سکیں ۔ اے پی ایچ اے کی انتظامیہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معذورین کے لیے مساجد اور دیگر عوامی مقامات پر Ramp ہونا چاہیے تاکہ یہ لوگ بھی اپنی آمدورفت باآسانی کرسکیں۔ اس سیمینار میں شریک 400 سے زائد افراد کے لیے پروگرام کے آخر میں کھانے کا بھی انتظام تھا۔
اسی ادارہ کی طرف سے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ادارے کے ارکان ‘بچے اور عام شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔واک کا آغاز اے پی ایچ اے سینٹر سے ہوا اور اختتام سفاری پارک پر ہوا۔ واک میں سینٹر کے معذور افراد نے وہیل چیئر پر اپنا سفر طے کیا۔ اسکاؤنٹس میں بوائز اور گرلز گائیڈ کے گروپ نے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات انجامد یں۔ امن فاؤنڈیشن اور ایدھی کی ایمبولینس بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر وہاں موجود تھیں۔ واک کے موقع پر تمام ممبران اور بچے بہت پرجوش تھے اور سفاری پارک کے اندر جاکر بھی ان معذور افراد نے اسپورٹس شو میں حصہ لیا۔ سفاری پارک کے انر بھی اے پی ایچ اے کی طرف سے تمام لوگوں کے بیٹھنے ‘ کھانے پینے اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ اے پی ایچ اے کے اعزازی صدر جناب شریف المظفر اور سیکریٹری جناب ایس ایم نشاط نے بتایا کہ اس واک کا مقصد عوام الناس کو معذوروں کے مسائل کی آگاہی د ینا اور ان کا تعاون لینا ہے۔