(پوری قوم کی نظریں اعلیٰ عدلیہ کی طرف لگی ہوئی ہیں (محمد عامر شیخ

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 27 دسمبر کے بعد حکومت کے خلاف لانگ مارچ یا تحریک چلانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر آئے تو کہیں ایسا نہ ہو کہ اس سے پہلے ہی فیصلہ تبدیل ہوجائے۔ سکرنڈ میں سابق وفاقی سیکرٹری گل محمد رند کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس اور فرائیڈے اسپیشل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات کے نتیجے میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھ رہی ہے تاہم میرے عمرکوٹ، ٹھٹھہ اور شہید بے نظیر آباد کے دورے کے دوران سندھ کے نوجوانوں نے پیپلزپارٹی سے بے زاری کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا لیکن اس کے جواب میں اُس نے بدحالی، بدامنی کا تحفہ دیا اور صورت حال یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو کے شہر لاڑکانہ اور آصف زرداری کے شہر نواب شاہ میں دھول اڑ رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن اور میں نے مل کر کام کیا ہے، تاہم پی پی کی پالیسی اپنی جگہ، ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاناما لیکس پر حکومت کو شکست ہوگی اور اس کے نتیجے میں نوازشریف 2017ء میں قبل از وقت انتخابات کرا سکتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں اب بھی مذہبی جماعتوں کا ووٹ بینک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں جماعت اسلامی اب بھی اپنا ووٹ بینک رکھتی ہے، اسی طرح دیگر جماعتوں کی بھی اپنی ایک حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا کاشت کار اپنی فصل کی اصل قیمت سے محروم ہے اور فصل اترنے کے بعد بھی اس کو خوشحالی کا کوئی پیغام نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کی شکایت ہے کہ سندھ میں نقلی کھاد اور زرعی ادویات نے انہیں فصل کی صحیح مقدار سے محروم کررکھا ہے، اور فصل کی بوائی پر بھاری اخراجات کے باوجود وہ فصل کے ثمرات سے محروم ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان کبھی بھی پاکستان پر حملے کی حماقت نہیں کرے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہندوستان لائن آف کنٹرول پر بم برسا رہا ہے اور ہماری حکومت اس سے آلو اور ٹماٹر خرید کر خیرسگالی کا پیغام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف حکومت کی مکمل حمایت کے ساتھ ہی دشمن کو اُس کے مذموم ارادوں میں ناکام کرسکتا ہے، تاہم حکومت اگر ہاتھ ہلکا رکھے تو بات نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف سے جو کہ کشمیر اور ناردرن ایریا کی سرحدوں پر حالات سے نمٹنے کا تجربہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ وہ ہندوستان کے لیے مشکل صورت حال پیدا کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مستقل وزیرخارجہ موجودہ حالات میں ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال بھارت کے لیے بے حد پریشان کن ہے اور وہ عالمی برادری میں پاکستان کو تنہا کرکے اپنے ناپاک ارادوں کو کامیاب کرانا چاہتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی صورت میں تحریک انصاف فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور پوری قوم نے ہندوستان کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ ہم آپس کے اختلافات کو قومی مفاد سے بالاتر نہیں سمجھتے اور ہندوستان کو بھرپور جواب دینے کے لیے وطن عزیز کے دفاع میں پیچھے نہیں رہیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ ملک سے اربوں ڈالر بیرون ملک چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے حکمرانوں کی کرپشن کو طشت ازبام کردیا ہے اور پوری قوم کی نظریں اعلیٰ عدلیہ کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے بارے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کرپشن چاہے حکمرانوں کی ہو یا سیاسی جماعتوں میں موجود افراد کی۔۔۔ ہمارا فرض ہے کہ اپنی صفوں کا جائزہ لیں اور ایسے عناصر کو نکال باہر کریں جو کہ کسی بھی سطح پر اور کسی بھی حیثیت میں کرپشن میں ملوث ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے فرائیڈے اسپیشل کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہ دعویٰ کہ عمران خان نوازشریف کو بچانے میں مصروف ہیں، غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالنا قوم کے مفاد میں ہے۔ پاناما لیکس میں حکمران ہر روز نیا جھوٹ بول رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ نوازشریف کی بھارت دوستی پاکستان کے لیے مہنگی ثابت ہورہی ہے۔
nn