فروغِ نعت

طاہر حسین طاہرؔ سلطانی معروف حمد و نعت گو شاعر ہیں۔ حمد و نعت کے فروغ کے حوالے سے آپ کی خدمات ہمہ جہت ہیں۔ آپ اردو میں حمد کے موضوع پر اوّلین ماہنامہ ’’ارمغانِ حمد‘‘ اور کتابی سلسلہ ’’جہانِ حمد‘‘ کے مدیر، ادارہ چمنستانِ حمد ونعت کراچی کے روحِ رواں، طرحی حمدیہ مشاعروں کے بانی اور عالمی حمد و نعت کانفرنسوں کی بنیاد رکھنے والے ہیں۔ علاوہ ازیں اپنے ادارے جہانِ حمد پبلی کیشنز، کراچی سے حمدیہ و نعتیہ ادب پر سو سے زائد کتابیں شائع کرچکے ہیں۔ طاہر سلطانی کی کاوشوں کا خاص میدان حمدیہ ادب ہے لیکن انھوں نے نعتیہ ادب کو بھی نظرانداز نہیں کیا ہے۔

پیشِ نظر کتاب طاہر سلطانی کا وہ مقالہ ہے جو انھوں نے ’’حریمِ نعت‘‘ کے تحت شکاگو (امریکہ) میں منعقد ہونے والی ’’نعت کانفرنس‘‘ کے لیے تحریر کیا تھا۔ اس مقالے میں طاہر سلطانی نے نعت کے فروغ کے سلسلے میں کتابی سلسلہ ’’جہانِ حمد‘‘ (جس کے تاحال 22 شمارے شایع ہوچکے ہیں) اور ماہنامہ ’’ارمغانِ حمد‘‘ (125 شمارے) کے کردار پر روشنی ڈالی ہے۔

پیشِ نظر کتاب کے بارے میں ڈاکٹر ریاض مجید رقم طراز ہیں:

’’فروغ نعت، طاہر ؔسلطانی کی ان کوششوں کی جمع آوری کی دستاویز ہے جو انہوں نے حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسول اکرمﷺ کے باب میں کیں۔ فروغِ نعت کا اہم حصہ اُن نعت نمبروں کے حوالے سے ہے جو طاہر سلطانی نے گزشتہ کچھ عشروں میں مرتب کیے۔ بحیثیتِ مجموعی یہ سارے اہم نعت نمبر، نعتِ رسول اکرم ﷺ کے حوالے سے اہم معلومات لیے ہوئے ہیں۔ ان شماروں میں غیر منقوطہ، ہائیکو اور نظموں کا نعت نمبر شامل ہیں۔

’’جہانِ حمد‘‘ اور ’’ارمغانِ حمد‘‘ نے جناب طاہر سلطانی صاحب کی ادارت میں فروغِ نعت کے لیے اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ’’فروغ نعت‘‘کی تازہ تصنیف میں ان سبھی کارہائے نمایاں کی نشاندہی کی گئی ہے جو مدیر ’’جہانِ حمد‘‘ اور ’’ارمغانِ حمد‘‘ طاہر سلطانی نے سرانجام دیے۔ یہ بلاشبہ ایک بڑا کام تھا جو غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ مستقل کئی عشروں پر محیط محنت اور لگن سے طاہر سلطانی نے کیا۔ اردو نعت کی تاریخ یقیناً ’’جہانِ حمد‘‘ اور ’’ارمغانِ حمد‘‘ کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے۔ طاہر سلطانی کی لگن اور محنت نے اردو نعت کو جو ثروت مندی عطا کی اس سے اردو نعت ہمیشہ ان کی ممنون رہے گی۔‘‘