قائداعظمؒ اور رفقائے قائداعظمؒ

تاریخِ انسانی میں بہت سے ایسے لوگ گزرے ہیں جنہوں نے اپنے کارہائے نمایاں سے تاریخ پر غیر معمولی نقوش ثبت کیے۔ ان عظیم شخصیات میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کا نامِ نامی بھی شامل ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی جدوجہد اور ریاضت کے ذریعے جو کردار ادا کیا، یقیناً وہ تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ قائداعظم کو بہت سے غیر معمولی رفقا کی رفاقت بھی میسر آئی جنہوں نے پوری حب الوطنی، مسلسل جدوجہد اور اپنے مقاصد سے غیر معمولی وابستگی کا ثبوت دیا، اور اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں برئے کار لائے۔

ڈاکٹر نوشین خالد کالم نگار، ادیبہ اور استاد ہیں، ان کی اس کتاب میں اُن شخصیات کا تذکرہ ہے جو تحریک ِپاکستان میں شامل تھیں۔ بے شک ان شخصیات کی کوششوں کا ثمر ہے کہ پاکستان ایک آزاد ملک کی صورت میں وجود میں آیا۔ اس کتاب میں قائداعظم کی ذاتی و سیاسی زندگی، محترمہ فاطمہ جناح کی حیات و خدمات، شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ اور قائداعظم کا تعلق اور ان رفقاء کی کوششوں کو جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ نیز قائد کے صحافتی مراسم اور آخری ایام میں صحت کی پروا کیے بغیر پاکستان کے لیے ان کی لازوال خدمات کو بھی بہترین انداز میں لکھا گیا ہے۔

یہ کتاب محب وطن ڈاکٹر نوشین خالد کا محبانِ وطن پاکستان کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے۔ یہ کتاب تحریک ِپاکستان کے واقعات کا ایک تسلسل ہے، اور قائداعظم کے رفقا کے مقام اور تحریک ِپاکستان میں ان کے کردار کی عکاس ہے۔ اس کتاب میں ڈاکٹر نوشین خالد نے قائداعظم کے ان قریبی ساتھیوں کو اجاگر کیا ہے جنہوں نے اپنی جائدادیں، اور دولت وقف کردی، قائداعظم کے ان مخلص سیاسی اصحاب نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں کن مشکلات کا تحمل اور بردباری سے سامنا کیا اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ مملکت حاصل کرکے دی، اس کا بھرپور تذکرہ اس کتاب میں موجود ہے، اور اُن کا بھی تذکرہ کہ جنہوں نے آزادی کی شمع مسلمانوں کے دلوں میں روشن کی جو ان کے دلوں میں نیروتاباں رہے گی۔

یہ کتاب قائداعظمؒ کے حوالے سے نوجوان نسل کو ایک امید کا پیغام دے گی، ان کے رفقائے کار کی کوششوں کو روشناس کرانے میں معاون ثابت ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحبہ کو مزید توفیق عطا فرمائے، آمین ثم آمین۔

کتاب خوب صورت سرورق، اعلیٰ سفید کاغذ اور غلطیوں سے پاک حروف خوانی کے ساتھ اچھی شائع ہوئی ہے۔