ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ چہل قدمی کو معمول کا حصہ بنانا جسمانی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ گھنٹوں پیدل چلنا ضروری ہے۔ امریکی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد صرف 5 منٹ کی چہل قدمی بھی توانائی کی سطح بڑھانے، ہاضمے کو بہتر بنانے اور خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
موسمِ سرما میں صحت کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ سردیوں میں کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی کو معمول بنانا نہ صرف ہاضمے کو بہتر کرتا ہے بلکہ جسم کو مختلف موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
زیادہ تر وقت بیٹھے رہنے والے افراد کو تھکن اور کمزوری کا سامنا زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جسمانی حرکت سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں غذائی اجزاء پورے جسم میں پھیلتے ہیں اور توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ 5 منٹ کی چہل قدمی یا صرف 500 اضافی قدم چلنے سے دل کی صحت میں بہتری آتی ہے، بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے، اور دیگر صحت مند عادات کو اپنانا آسان ہوجاتا ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ابتدا میں کم وقت کے ساتھ آغاز کریں اور پھر بتدریج چہل قدمی کے دورانیے میں اضافہ کریں۔
چھوٹے قدموں سے بڑے فوائد حاصل کریں اور صحت مند زندگی کی طرف بڑھیں!