یورپ میں دنیا کے سب سے بڑے پائریسی نیٹ ورک پر کاری ضرب

یورپ کے 10 ممالک کی پولیس نے ایک بڑے مشترکہ آپریشن میں دنیا کے سب سے بڑے پائریسی نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ”آپریشن ٹیکن ڈاؤن“ میں برطانیہ، بلغاریہ، کروشیا، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ اور رومانیہ کی پولیس نے حصہ لیا۔ یہ نیٹ ورک 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد صارفین کو پائریٹڈ مواد فراہم کررہا تھا اور غیر قانونی طور پر سالانہ 3.15 ارب ڈالر کما رہا تھا۔ اس سے اسٹریمنگ سروسز کو ہر سال 10 ارب ڈالر تک کا نقصان ہورہا تھا۔

آپریشن کے دوران 17 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی کرپٹو کرنسی ضبط کی گئی، 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، اور 102 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ 29 کمپیوٹر سرورز اور سیکڑوں IPTV ڈیوائسز کو قبضے میں لیا گیا۔

آڈیو ویژول اینٹی پائریسی الائنس (AAPA) کے شریک صدر مارک ملریڈی نے اس کامیابی کو بین الاقوامی تعاون کی ایک بڑی مثال قرار دیا۔ اُن کے مطابق ایسے پیچیدہ نیٹ ورکس کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں انڈسٹری کو لاحق خطرات کی شدت کو اجاگر کرتی ہیں۔

یوروپول کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ نیٹ ورک صرف کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم جیسی دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

یہ آپریشن دو سال کی طویل تحقیقات کا نتیجہ تھا، جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور غیر قانونی اسٹریمنگ فورمز کی کڑی نگرانی کی گئی۔