اس کتاب ’’رختِ سفر‘‘ میں مصنف نے امتِ مسلمہ میں ایمانی اور اخلاقی اقدار بیدا کرنے والی تاریخی کہانیوں کو بہت ہی عمدہ اسلوب میں پیش کیا ہے۔ مصنف کا طرزِ تحریر بہت سلیس، دلچسپ اور دلکش ہے، اس عمر میں قلم میں ایسی پختگی بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔
یہ کتاب بنیادی طور پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے لکھی گئی ہے۔ مصنف نے اسلامی تاریخ کے بہت سے مستند واقعات کو کہانی کے دلچسپ انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے ہر چیز حوالوں کے ساتھ لکھی ہے۔ اس کتاب میں اردو ادب کی چاشنی بھی ہے، اسلامی تاریخ سے واقفیت بھی ہے اور اسلامی شہروں کی جغرافیائی حدود سے مناسبت بھی ہے۔ مصنف نے یہ کام نوجوانوں کے لیے کیا ہے تاکہ وہ نوجوان جو ہماری بنیاد ہیں انہیں بھی اپنی تاریخ سے دلچسپی اور لگن پیدا ہوجائے۔
اصل میں یہ کام بڑے پیمانے پر ہونا چاہیے جس سے ہمارے نوجوان اسلامی شعائر کو اپناسکیں اور اس کے ذریعے سے معاشرے میں اسلام کا بول بالا ہو۔ یہی صفات ہمارے لیے زادِراہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
مصنف کی یہ کہانیاں پہلے پہل ماہ نامہ ’’ذوق و شوق‘‘ میں شائع ہوئیں۔ تاہم اب مصنف نے ان کہانیوں کو کتابی شکل دیتے ہوئے خاصی تبدیلیاں کی ہیں۔ یہ واقعات تاریخ کی اصل عربی کتب سے لیے گئے ہیں۔
کتاب کے آخر میں مراجع و مصادر، اشاریہ برائے شخصیات اور مقامات دیے گئے ہیں۔
یہ کتاب مسلمان بچوں اور نوجوانوں کی اسلامی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے بہت مفید ہے۔ کتاب کا عنوان اس شعر سے ماخوذ ہے:
نگہ بلند سخن دل نواز، جاں پرسوز
یہی ہے رختِ سفر میرِ کارواں کے لیے
انتہائی اعلیٰ کاغذ، دیدہ زیب سرورق اور بہترین طباعت کے ساتھ کتاب خوب صورت و معیاری شائع ہوئی ہے۔