جیکب آباد پیما کے زیر اہتمام 3 روزہ آنکھوں کے مفت کیمپ کا انعقاد

ضلع جیکب آباد جس کا پرانا نام خان گڑھ ہے، سندھ، بلوچستان کے سنگم پر واقع سندھ کے پسماندہ ترین اضلاع میں سے ایک ہے۔ شہر جیکب آباد ضلع کا صدر مقام ہونے کے باوصف اس جدید اور ترقی یافتہ سائنسی دور میں بھی صحت سمیت زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ جیکب آباد میں ویسے تو کئی سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اسپتال قائم ہیں جہاں بلوچستان کے دور دراز مقامات سے بھی امراض میں مبتلا مرد و خواتین اور بچے بہ کثرت بہ غرضِ علاج لائے جاتے ہیں، لیکن بدعنوانی اور بیڈ گورننس کی وجہ سے سرکاری اور نیم سرکاری اسپتالوں میں یہی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ بے چارے عام مریضوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہوتا، اور درد و کرب میں مبتلا مریض مارے مارے پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آنکھوںکی بیماریوں کا علاج بھی خاصا مہنگا اور وقت طلب ہوتا ہے۔ امراضِ چشم میں مبتلا بیمار افراد کے لیے ہر سال پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن المعروف ’’پیما‘‘ کی طرف سے جیکب آباد میں گل میڈیکل سینٹر میں بالکل مفت تین روزہ طبی کیمپ کا انعقاد ایسے میں بلاشبہ کسی نعمت یا عطیۂ خداوندی سے کم ہرگز نہیں ہے۔ اس طبی کیمپ کا آغاز مرحوم و مغفور ڈاکٹر عبدالوہاب میمن معروف ماہر امراض بچگان اور بانی گل سینٹر، سابق نائب امیر ضلع جیکب آباد، سابق صدر پیما سندھ کی زندگی میں ہوا تھا جو علاقے کے ایک بے حد مخیر اور نیک نام مسیحا کے طور پر آج بھی عوام کو یاد ہیں۔ اسی نیک اور اہم کام کی روایت کو اب اُن کے لائق اور ہونہار فرزندِ ارجمند ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن نامور ماہر امراضِ اطفال، موجودہ روحِ رواں گل سینٹر جیکب آباد اور آغا خان میڈیکل یونیورسٹی اسپتال سے وابستہ، متعدد بیرونی ممالک سے سند یافتہ بطور صدقۂ جاریہ اور یادگار اپنے مرحوم والد کی گزشتہ کئی برس سے نبھاتے چلے آرہے ہیں۔ ہر سال کی طرح امسال بھی 22 تا 24 نومبر 2024ء گل سینٹر میں آنکھوں کے تین روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ اہلِ علاقہ پیما اور گل سینٹر کو ان کی بے لوث طبی خدمات کی وجہ سے بڑی قدر سے دیکھتے ہیں، کیوں کہ ہمیشہ ہر ارضی و سماوی آفات میں حکومت ِسندھ کی نااہلی کی وجہ سے پیما اور گل سینٹر کے طبی عملے کی ٹیم جو بے حد تربیت یافتہ ہوتی ہے، ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن اور سینئر ڈاکٹر عبدالرشید میمن کی قیادت اور رہنمائی میں بڑے اہم امور سر انجام دیا کرتی اور بلا رنگ و نسل‘ مذہب اور زبان متاثرین کی بے غرض طبی معاونت کی جاتی ہے۔ انہیں مفت ادویات سمیت دیگر ضروریاتِ زندگی تک سے فائدہ پہنچانے کی سعی کی جاتی ہے۔ امسال بھی 22 تا 24 نومبر 2024ء گل میڈیکل سینٹر جیکب آباد میں تین روزہ منعقدہ آنکھوں کے مفت طبی کیمپ کے انعقاد میں او پی ڈی میں سینئر ڈاکٹر عبدالرشید میمن‘ ڈاکٹر نیاز میمن‘ ڈاکٹر اعجاز میمن نے مع ٹیم عظیم بروہی‘ یاسر سومرو‘ عبدالحفیظ گوندل‘ عبدالغنی خلیفہ پیرزادہ‘ غلام حیدر پیرزادہ‘ محمد علی گھنیو 800 سے زائد مریضوں کا بی پی‘ شوگر وغیرہ چیک کرنے کے بعد 154 مریضوں کو آپریشن کے لیے موزوں قرار دیا جن کا آپریشن بعدازاں گل سینٹر میں ڈاکٹر محمد ہاشم قریشی‘ سرجن ڈاکٹر اعجاز میمن‘ سرجن ڈاکٹر نیا میمن‘سینئر سرجن ڈاکٹر ریاض میمن POB نے کیے۔ مریضوں کو تمام تر سہولیات‘ دوائیں‘ لینس‘ چشمے‘ قیام اور طعام کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔ یاد رہے کہ پیما کے زیر اہتمام کراچی میں چلنے والے امراض چشم کے معروف اسپتال POB کے ٹیکنیکل عملے اور ڈاکٹروں کا تعاون جب کہ الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے مقامی کارکنان نے بھی اس نیک کام میں بھرپور عملی معاونت کی۔