پاکستان قرات و نعت کونسل کے سیکریٹری اور صدارتی ایوارڈ یافتہ ممتاز قاری اور نعت خواں قاری حامد محمود کی زیر ِ ادارت شائع ہونے والا ماہنامہ ’’المدینہ‘‘ انٹرنیشنل کا خصوصی شمارہ ’’سیرتِ مصطفیٰ ﷺ‘‘ ہمارے پیشِ نظر ہے۔ اس خصوصی شمارے میں درجِ ذیل مقالات شامل ہیں:
معلمین ِ اخلاق میں رسولِ اکرم ﷺ کا مقام و امتیاز اور جامعیت/ ڈاکٹر حافظ محمد ثانی، محسنِ انسانیتﷺ و خدمتِ انسانیت/ ڈاکٹر سعود عالم قاسمی، رحمتِ عالمﷺ کا غیر مسلموں اور جانی دشمنوں کے ساتھ حسن ِ سلوک اور عفوو درگزر/ ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری، اصلاحِ معاشرہ میں طریقہ تربیت کا نبوی اسلوب (سیرت ِ نبویﷺ کی روشنی میں)/ ڈاکٹر سید عطاء اللہ بخاری، نبی کریمﷺ کا اسوہ حسنہ بنی نوعِ انسان کے لیے حقیقی سرمایہ/ پروفیسر خورشید احمد، اسلامی فلاحی ریاست کے نمایاں خدوخال (تعلیماتِ نبویﷺ کی روشنی میں)/ مفتی بخت رشید، قدرتی ماحول کا تحفظ (سیرتِ طیبہ کی روشنی میں)/ حمزہ ظفر، قدرتی آفات اور ہماری ذمہ داریاں/ عصمت اللہ نظامانی، سیرتِ رحمت للعالمین بہ زبانِ رب العالمین/ ڈاکٹر مفتی محمد نجیب قاسمی، رسولِ اکرمﷺ کی پاکیزہ سماجی زندگی/ پروفیسر اختر الواسع۔
اس سے قبل ماہنامہ المدینہ کے تین خصوصی سیرت نمبروں کو قومی سیرت ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ جب کہ اس کے دیگر خصوصی شماروں میں رحمۃ للعالمین نمبر، محسنِ اعظم نمبر، عشرہ مبشرہ نمبر، حسنینِ کریمین نمبر، خاتونِ جنت نمبر، شہادتِ سیدنا امام حسین نمبر، عظمتِ والدین نمبر، تحفظِ ماحولیات اور طب و صحت نمبر، ماں نمبر، حمد و نعت نمبر، خدمتِ خلق و کفالتِ عامہ نمبر، اسلامی فلاحی ریاست نمبر، ورفعنا لک ذکرک (محسنِ انسانیت ﷺکے حضور غیر مسلم مورخین، مفکرین اور دانشوروں کے خراجِ عقیدت پر مبنی خوبصورت انتخاب) و دیگر شامل ہیں۔