بنو قابل پروگرام: نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی کورسز ٹیسٹ کا انعقاد

سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے گراؤنڈ، عید گاہ گراؤنڈ گلشن ِ معمار میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے حافظ نعیم الرحمٰن، منعم ظفر خان و دیگر کا خطاب

جماعت اسلامی کراچی نے شہر کے نوجوانوں کو ترقی دینے اور ان کو بدلنے کے لیے ایک لازوال جدوجہد کی ہے، اور اِس کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں جن میں نمایاں حیثیت بنوقابل پروجیکٹ کو حاصل ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد کراچی کے نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات میں مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ خودکفیل بن سکیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کریں۔گزشتہ دنوں اسی پروجیکٹ کے تحت شہر میں کئی مقامات پر ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ان مواقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خطاب کیا۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد، منظم اور دوررس نتائج کی حامل تقاریب تھیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق، بنوقابل پروگرام کے تحت 50ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کا سلسلہ بنوقابل 1.0 سے شروع ہوا، اور اب بنوقابل 4.0 کے تحت مزید 50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ پروگرام کے مختلف مراحل کے دوران طلبہ کو ویب ڈیزائننگ، ویب ڈویلپنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ایمازون بزنس سمیت جدید کورسز کی تربیت دی گئی۔ اس میں اہم بات یہ بھی بتائی گئی کہ جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے بھی سہولت اور معاونت کریں گے۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ آفسز بنانے رہے ہیں، 7نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام کریں گے، آئندہ 2سال میں 10لاکھ نوجوانوں کو کورسز کروائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، نوجوانوں میں بڑا پوٹینشل ہے، ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے لیکن چند لوگ ان پر ناگ بن کر بیٹھ گئے ہیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدہ کرنے والوں نے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈالا، حکمرانوں نے ان کی سرپرستی کی۔ ہمیں مختلف محاذوں پر کام کرنا ہے، حکمرانوں سے بھی مقابلہ کرنا ہے۔ نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں۔ جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس سے آدھی محنت پاکستان میں کریں تو ملک آگے بڑھے گا۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے ویژن رکھا کہ انہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھایا جائے، یہی نوجوان آگے بڑھ کر ملک کا نام روشن کریں گے۔ آج سنگم گراؤنڈ اور عیدگاہ گراؤنڈ میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ و طالبات کی موجودگی سے ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ شہر کراچی میں سرکاری کالجوں میں معمولی سی فیس ادا کرکے تعلیم حاصل کی جاتی تھی، آج کراچی کے نوجوانوں کی تعلیم کے مواقع ختم کیے جارہے ہیں۔ الخدمت اور جماعت اسلامی کے پروجیکٹ بنوقابل کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں۔ بنوقابل 12 کورسز سے شروع ہوا تھا، جو اب 29 کورسز تک پہنچ چکا ہے۔ الخدمت نے آئی ٹی اسکلز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے banoqabiljob.comپورٹل بھی بنائی ہے۔ اس پورٹل میں آئی ٹی کمپنیز بھی رجسٹرڈ ہیں، اس کے ذریعے طلبہ و طالبات کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔

کامران سراج اور عرفان احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں نوجوان آئی ٹی کورسز کرنے کے لیے جمع ہیں، ان کا حوصلہ و عزم بتارہا ہے کہ یہ ملک سے محبت کرتے ہیں اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے حکومت تعلیم کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، نوجوانوں کے لیے تعلیم کے تمام راستے بند کیے جارہے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ آج جتنے بھی طلبہ و طالبات موجود ہیں ان سب کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔

پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا، کامیاب طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپنگ، ویب ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون سمیت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروائے جائیں گے۔ سنگم اور عیدگاہ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں شریک طلبہ وطالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا، طلبہ و طالبات کی غیر معمولی حاضری کے باعث جگہ تنگ پڑگئی جس کے بعد فرشی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرموجود تمام قائدین اور ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ اسٹیج کے عقب میں ایس ایم ڈی لگائی گئی تھی جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایا جارہا تھا۔ سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا میں چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، سابق امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ خان، مسٹر یونیورس2024 رمیز ابراہیم، معروف فنکار ایاز خان، یوٹیوبر دانش نے، جبکہ عیدگاہ گراؤنڈ گلشن معمار میں امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد، سابق قومی کرکٹر توصیف احمد، اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی، مارشل آرٹ کے چیمپئن دلاور خان، اسلام 360کے زاہد چھیپا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اسی طرح آئی آئی چندریگر روڈ پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 کے انعقاد کے موقع پر مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ جاوید بلوانی، ڈاکٹر سعد خالد نیاز، اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوقابل اب ایک برانڈ بن چکا ہے جو کراچی کے نوجوانوں کے لیے ترقی کا راستہ ہموار کررہا ہے۔ اس میں منعم ظفر خان امیر جماعت اسلامی کراچی کا خصوصی خطاب تھا جس میں انہوں نے کہا کہ بنوقابل پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے، خاص طور پر مہنگائی اور بے روزگاری کے موجودہ دور میں۔ اس وقت کراچی میں 55 کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں سے ہزاروں نوجوان مختلف کورسز مکمل کرکے اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں۔ یہ کیمپس کراچی کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں تاکہ ہر نوجوان کو تعلیم اور مہارت کے مواقع مل سکیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے تحت منعقدہ ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک طلبہ و طالبات کی تعداد ہزاروں میں تھی۔ اس موقع پر قائدین نے اپنے خطابات میں نوجوانوں کو تعلیم اور تکنیکی مہارت حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور ان کے عزم کو سراہا۔ حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر قائدین نے جماعت اسلامی و الخدمت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
جماعت اسلامی کراچی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے عزم کیا ہے کہ وہ بنوقابل پروگرام کے ذریعے ہر نوجوان کو تعلیمی مواقع فراہم کریں گے تاکہ وہ باصلاحیت اور خودمختار بن سکیں۔ جماعت اسلامی کا یہ قدم کراچی کے نوجوانوں کو روشن مستقبل دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور ملکی ترقی میں ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہورہا ہے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت نے اس پروگرام کے تحت نہ صرف نوجوانوں کو تعلیم و تربیت فراہم کی ہے بلکہ ان میں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا عزم بھی پیدا کیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کی خدمات کا یہ سلسلہ پورے ملک کے نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔