سیرتِ پاکؐ ایک لامتناہی موضوع ہے جس کی کوئی حد نہیں ہے۔ جس نے بھی اس موضوع پر لکھا، اُس نے یہ اعتراف کیاکہ میں اس کا حق ادا نہیں کرسکا۔ بعداز خدا بزرگ توئی قصہ مختصر، نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع ترین زندگی، جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ اقوام عالم کے لیے بھی ایک بہترین نمونہ اور اسوۂ حسنہ ہے۔ سیرت کا موضوع ایک سدا بہار موضوع ہے، ہر مکتبِ فکر اور مفکرین نے اس پر قلم اٹھایا ہے۔ اردو زبان کا دامن بھی اس عظیم نسبت سے مالا مال ہے۔
’’رحمتِ عالمؐ‘‘ سیرتِ نبویؐ پر مستند اور جامع کتاب ہے۔ ’’رحمتِ عالمؐ جو سید سلیمان ندویؒ کی تصنیف ہے، اس میں چھوٹے بچوں اور کم پڑھے لوگوں کے لیے عام فہم اور سادہ زبان میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کو جامع اور عمدہ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس مختصر کتاب میں اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے جامع پیغام کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان موضوعات کا مطالعہ ہر قاری کے لیے بے حد اہمیت کا حامل ہے تاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوۂ حسنہ ہماری نظروں کے سامنے رہے۔
زم زم پبلشرز نے اس کتاب کو اپنے اعلیٰ معیار پر شائع کیا ہے تاکہ عوام الناس اس کتاب سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور دوسروں تک سیرت کا پیغام پہنچائیں۔ آج امت ِمسلمہ، اور خصوصاً نئی نسل کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے
کیوں کہ دینی تعلیم سے دوری کی وجہ سے نوجوان نسل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے بے خبر ہے، اور یہ طے شدہ حقیقت ہے کہ جب کوئی قوم اپنے ہادی و رہبر کے طریقے سے ہٹ جاتی ہے تو وہ اپنی منزل سے دور نکل جاتی ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں سیرتِ پاکؐ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔
زم زم پبلشرز نے خوب صورت سرِورق، سفید عمدہ کاغذ اور غلطیوں سے پاک کمپوزنگ کے ساتھ کتاب بہت اچھی شائع کی ہے۔