مولانا ضیاء الحق خیر آبادی (پ:1975ء) المعروف حاجی بابو، خیرآباد ضلع میو (یوپی) انڈیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ درس و تدریس سے وابستہ رہے ہیں۔ متعدد کتابوں کے مصنف و مرتب بھی ہیں جن میں ’’اندلس میں اسلام‘‘ اور ’’تذکرہ علماء و دانشورانِ خیرآباد‘‘ بالخصوص قابلِ ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں ماہنامہ ضیاء الاسلام (خیرآباد) کے مرتب و مدیرکی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور دورانِ ادارت قاضی اطہر مبارک پوری پر تاریخی اہمیت کا حامل ایک خاص نمبر بھی شائع کیا۔
مولانا خیرآبادی کی پیشِ نظر کتاب ’’کتابوں کی سیر‘‘ سو کتابوں کے تعارف پر مشتمل ہے۔ کتابوں کے تعارف کا یہ سلسلہ ’’پاسبانِ علم و ادب‘‘ نامی واٹس ایپ گروپ پر شروع کیا گیا تھا۔ مولانا خیرآبادی روزانہ کسی ایک کتاب کا تعارف لکھ کر مذکورہ واٹس ایپ گروپ اور اپنے فیس بک پیج پر بھیجا کرتے تھے۔ چند ہی روز میں اس سلسلے کو مقبولیت حاصل ہوگئی اور لوگوں کے اصرار پر اس مفید سلسلے کو بلاناغہ جاری رکھا گیا، یہاں تک کہ کئی کتابوں کا تعارف دورانِ سفر بھی لکھا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سو کتابوں کا یہ تعارف سو دنوں میں (24 جون 2022ء تا یکم اکتوبر 2022ء بلافصل) لکھا گیا ہے۔
اس کتاب میں جن کتابوں کا تعارف پیش کیا گیا ہے وہ مختلف موضوعات سے تعلق رکھتی ہیں۔ مولانا خیرآبادی کے تعارفِ کتب کی خوبی یہ ہے کہ اس سے ایک نگاہ میں کتاب اور مصنف کے بارے میں قابلِ اطمینان معلومات حاصل ہوجاتی ہیں۔ اس حوالے سے شفیق احمد اعظمی قاسمی کا کہنا ہے کہ:
’’حاجی بابو نے ہر کتاب کا از اول تا آخر بغور مطالعہ کیا، اس کے موضوع کی اہمیت کو سمجھا، مصنف کے ذوقِ تحریر اور اس کے معیارِ علم و تحقیق کو پرکھا اور کتاب کی افادیت کا ادراک کیا، اس کے بعد حسین پیرائے میں کتاب کا ایسا جامع و مؤثر تعارف کرایا جس نے کتاب کے مشمولات اور مصنف کے احوال اور اس کے مقام کو قاری کے روبرو کردیا۔ تشویش و ترغیب کا ایسا پُرکشش اسلوب کم دیکھنے کو ملتا ہے۔‘‘
دعا ہے کہ مولانا خیرآبادی کتابوں کے تعارف کا یہ مفید سلسلہ جاری رکھیں اور اپنے علم و حاصلِ مطالعہ سے قارئین کو اسی طرح مستفید کرتے رہیں۔