مائیکروسافٹ پر 29 ارب ڈالر ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام

امریکہ کی انٹرنل ریونیو سروس (آئی آر ایس) نے ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی مائیکروسافٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے 2004ء سے 2013ء کے درمیان 29 ارب ڈالر کے واجب الادا ٹیکس ادا نہیں کیے۔ آئی آر ایس کے اس دعوے پر مائیکروسافٹ کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ الزام بے بنیاد ہے اور کمپنی نے مقررہ مدت کے دوران 67 ارب ڈالر سے زیادہ ٹیکس ادا کیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے اپنے بلاگ میں اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر انتظامی اپیل دائر کرے گی، اور اگر ضروری ہوا تو عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

یہ تنازع اُس وقت سامنے آیا ہے جب مائیکروسافٹ نے حال ہی میں تقریباً 30 سال بعد اپنی ایک اہم ایپ بند کرنے کا عندیہ دیا ہے، جس سے کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔