ایک تازہ تحقیق کے مطابق، بچپن میں گزرے شدید صدمات یا ذہنی دباؤ کے لمحات مستقبل میں صحت کے طویل مدتی مسائل کے خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی آف ڈنڈی میں ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بچپن کے ہر تناؤ والے تجربے سے مستقبل کی زندگی میں 13 فیصد تک طویل مدتی صحت کے مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں ایڈورس چائلڈ ہوڈ ایکسپیریئنس (ACE) کے تحت 18 سال کی عمر سے پہلے پیش آنے والے مختلف منفی تجربات کا جائزہ لیا گیا ہے، جن میں تشدد، نظر انداز کیے جانے، گھریلو مسائل، خشک سالی یا جنگ جیسے صدمات شامل ہیں۔
ڈاکٹر ڈھین سینارتنے کی رہنمائی میں کی جانے والی اس تحقیق میں 3 لاکھ 70 ہزار افراد پر کیے جانے والے 25 مختلف مطالعوں کا میٹا اینالسس اور سسٹمیٹک ریویو شامل ہے، جس سے پتا چلا ہے کہ بچپن کے ان صدمات کا براہِ راست تعلق مستقبل کی خراب صحت سے ہے۔ اس تحقیق کے نتائج نے بچوں کے لیے محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔