اجمعین(مجموعہ مناقب)

اردو کے تقدیسی ادب میں حمدِ باری تعالیٰ و نعتِ رسول مقبولﷺ کے ساتھ مناقب ِ اہلِ بیت و اصحابِ کرام کی روایت بھی شعراء کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔پیشِ نظر کتاب ”اجمعین“ نوجوان نعت گو شاعر جہانداد منظرالقادری (پ:1984ء) کا پہلا مجموعہ مناقب ہے۔ اس سے قبل ان کے دو نعتیہ مجموعے ”کاسہ“ (2021ء) اور ”بخشش“ کے نام سے شائع ہوچکے ہیں۔
جہانداد منظرالقادری کا اصل نام جہانداد احمد خان ہے۔ انھوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ماسٹرز کیا ہے۔ گھر کے دینی ماحول اور نعت خوانی کے ذوق نے انھیں تقدیسی ادب کی طرف مائل کیا۔
یہ ایک عمدہ مجموعہ مناقب ہے، جیسا کہ اس مجموعہ مناقب سے متعلق ممتاز محقق ڈاکٹر ریاض مجید صاحب رقم طراز ہیں:” منظر نے اس کتاب کے مناقب کی باقاعدہ ایک ترتیب کے ساتھ جمع آوری کی ہے اور اپنی منقبتوں کو مختلف ابواب میں شائستگی سے مرتب کیا ہے۔ وہ منقبت پاروں کو قرآن کریم، احادیثِ رسولِ اکرمﷺ، سیرتِ صحابہ اور اسلامی تاریخ کی روشنی میں قلم بند کرتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں ذاکروں اور مناظرہ بازوں والی افراط و تفریط نہیں، ان کے اظہار میں احتیاط و توازن کا رویہ کارفرما ہے۔ ان کے فن کا ایک نمایاں پہلو ان کا تخلیقی شعور ہے، انھوں نے منقبت برائے منقبت نہیں لکھی، ہر منقبت میں شعری جمالیات بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے“۔
منظرالقادری کا احتیاط اور توازن پر مبنی رویہ اور ان کا تخلیقی شعور ہی فکری اور فنی طور پر اس مجموعے کو دیگر معاصر مجموعہ ہائے مناقب سے ممتاز حیثیت عطا کرتا ہے۔