چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ پاکستان اور چین کے 1951ء سے سفارتی تعلقات ہیں۔ سی پیک منصوبے سے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اس کتاب کا پیش لفظ نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل محمد جعفر نے لکھا ہے۔ دیباچہ کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ نمل کے پروفیسر ڈاکٹر چانگ وے نے لکھا ہے۔ اس کتاب سے چین کے سیاسی و معاشی نظام کے بارے میں جاننے میں مدد ملتی ہے۔ چین نے نہ صرف غربت کا خاتمہ کیا بلکہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن گیا۔ پسماندہ علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کی گئی ہے، سڑکیں اور ریلوے لائنیں بچھائی گئی ہیں، لوگوں کو نئے گھر بناکر دیے گئے ہیں یا خستہ حال گھروں کی مرمت کے لیے مالی امداد دی گئی ہے۔
مختلف چینی حکمرانوں کی طرزِ حکمرانی، ان کی پالیسیوں اور تخفیفِ غربت کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ شاملِ کتاب ہے۔ چینی قیادت نے کامیابی کے ساتھ کورونا پر قابو پایا۔ چینی نظام تعلیم، صحت، روزگار، زرعی پیداوار اور سستے مکانات پر بالتفصیل لکھا گیا ہے۔ چین میں لوگوں کا معیارِ زندگی بلند ہوا ہے۔ حکومت نے دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے بہت اقدامات کیے ہیں۔
نہایت عمدہ کاغذ پر چھپی اس دیدہ زیب کتاب کے آخر میں اشاریہ بھی شامل ہے۔ چین شناسی کے حوالے سے اس اہم کتاب کا مطالعہ عام قارئین کے ساتھ ساتھ پالیسی سازوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا۔